7 ٹرکوں میں آتشزدگی،5ڈرائیور زندہ جل کر ہلاک

سلائیڈر نیشنل نیوز
گوہاٹی:(انقلاب نیوزبیورو):۔آسام کے’دیما ہساو‘میں مشتبہ عسکریت پسندوں نے ضلع میں ’دیونگ برا‘ کے قریب سات ٹرکوں کو نذر آتش کردیا۔ اس کی وجہ سے پانچ ٹرک ڈرائیور جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق مشتبہ عسکری گروپ نے آتشزدگی سے پہلے کئی راونڈ بھی فائر کیے۔ پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر پانچ لاشیں نکال لی ہیں۔ یہ واقعہ دارالحکومت گوہاٹی سے تقریباً محض 200 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیاہے۔آسام پولیس نے کہا کہ اس واقعے کے پیچھے عسکریت پسند گروپ دیماسا نیشنل لبریشن آرمی (DNLA) کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ ضلع کے ایس پی نے بتایا کہ واقعہ کے بعد علاقہ میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ شرپسندوں کی گرفتاری کیلئے آسام رائفلز کی مدد لی جا رہی ہے۔کچھ دن قبل آسام اور میزورم کے درمیان سرحدی تنازعہ میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ دونوں ریاستوں کی پولیس اور شہریوں کے درمیان تصادم ہواتھا، دونوں طرف سے پہلے لاٹھی چلائی گئی، جب معاملہ بڑھا،تو پولیس نے آنسو گیس کے گولے داغے۔ اس دوران فائرنگ بھی ہوئی۔ تشدد کے بعد سی آر پی ایف کو کشیدگی کے درمیان آسام اور میزورم کے درمیان متنازعہ سرحد پر تعینات کرنا پڑا۔وہیں اس سے قبل مئی میں آسام رائفلز اور ریاستی پولیس کے مشترکہ آپریشن میں سات ڈی این ایل اے عسکریت پسند مارے گئے تھے۔ یہ تصادم ناگالینڈ کی سرحد سے متصل مغربی ضلع میں ہواتھا۔ سکیورٹی فورسز کو یہاں عسکریت پسندوں کے چھپنے کی اطلاع ملی تھی۔ اس کے بعد سرچ آپریشن کیا گیا۔اس دوران عسکریت پسندوں نے فائرنگ کی۔ جوابی کارروائی میں 7 عسکری افراد مارے گئے۔ اس کے ساتھ انکاونٹر میں دو عسکریت پسند شدید زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق مقتول عسکریت پسندوں سے بھاری مقدار میں گولہ بارود اور 4 اے کے 47 برآمد ہوئے تھے۔