بنگلورو:(انقلاب نیوزبیورو):۔نویں، دسویں اور پی یو سی اول اور دوم کی جماعتوں کاآغازکئے جانے کے بعد طلباء کے والدین ،طلباء اور اساتذہ کی جانب سے اچھی رائے آرہی ہے،جلدہی پہلی تا پانچویں جماعت کے آغازکیلئے بھی موثر اقدامات اٹھائے جائینگے،آن لائن کلاس سے درس وتدریس میں روکاوٹیں پیش آرہی ہیں اور والدین مطمئن نہیں ہیں،اس بات کو لیکر جلد فیصلہ لیاجائیگا۔اس بات کااظہار ریاستی وزیر برائے ثانوی تعلیم بی سی ناگیش نے کیاہے۔انہوں نے یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ماہرین کی تجویز کو بنیاد بنا کراسکولوں کاآغاز کیا گیا ہے ۔اگست23 سے اسکول شروع ہوچکے ہیں اور مزید کچھ دن دیکھ کرہی دوسری جماعتوں کاآغازکیاجائیگا،جیسے بچوں کی تعلیم کو اہمیت دی جارہی ہے اسی طرح سے بچوں کی صحت پر ہماری توجہ ہے۔فی الوقت ریاست کے پاس تعمیراتی کاموں کیلئے پیسوں کی قلت ہے،کئی اسکولوں میں کمرے نہیں ہیں،بیت الخلاء نہیں ہیں،پہلے بیت الخلائوں کی تعمیر کیلئے توجہ دی جائیگی،اس سلسلے میں افسروں کوہدایت دی گئی ہے کہ وہ تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔
