شراب کی دُکان کی مخالفت میں دیہاتیوں کااحتجاج

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:۔گذشتہ روزشکاری پور تعلقہ کے مڈوبا سدھاپور میں ایم ایس آئی ایل شراب خانہ کھولنے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے، دیہاتیوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاج اورناراضگی دیکھی گئی۔مظاہرین نے نعرے لگائے کہ ہمارے گائوں میں شراب خانہ نہیں چاہئے۔ یہاں شراب خانہ کھولنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی مخالفت میں دیہاتیوں نے بڑے پیمانے پر دھرنہ دیا اور ڈپٹی کمشنردفتر پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ بتایا جارہا ہے کہ پورا گائوں کا گائوں ڈپٹی کمشنر دفتر کے بالمقابل جمع تھا۔ جملہ 4 بسوں میں آئے ہوئے دیہاتیوں نے پر زور مانگ کی ہے کہ ہمارے گائوں کو ایم ایس آئی ایل شراب کی دکان نہیں چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ مڈوبا سدھاپور میں ایم ایس آئی ایل دکان نہیں چاہئے اس بات کا مطالبہ کرتے ہوئے دو سے تین مرتبہ ڈپٹی کمشنر اور آبکاری ڈی سی کو یادداشت پیش کی گئی تھی ، لیکن باوجود اسکے یہاں کن اسباب سے شراب خانے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے کہتے ہوئےغصے کا اظہار کیا ۔ اسی کے ساتھ مظاہرین نے اس بات پر بھی اڑے ہوئے تھے کہ جب تک ڈپٹی کمشنر خود انکے درمیان پہنچ کردرخواست قبول نہیں کریں گے تب تک احتجاجی یہاں سے نہیں ہٹیں گے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر احتجاج کے بعد کیا ضلع انتظامیہ انکے مطالبے کو پورا کریگی یا نہیں ؟۔