شیموگہ: (انقلاب نیوزبیورو):۔ضلعی عدالتوں میں زیر التوا تمام مقدمات ،جس میں سویل ،ازدواجی، وہیکلس کے معاملات ، چیک باؤنس ، سمجھوتہ ہونے والےکرمنل مقدمات سمیت کئی معاملات کو 30 ستمبر کی دوپہر1 بجے سے منعقدہ ہونے والی لوک عدالت میں نمٹایا جائےگا۔ اس بات کا اظہار چیف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مصطفیٰ حسین ایس اےنے کیاہے۔ انہوں نے آج اپنے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ اس عدالت میں دونوں فریقوں کی رضامندی سے سمجھوتوں کے ذریعے معاملات طے کرنےکیلئے کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بہت سے معاملات جو کورونا کی وجہ سے طویل عرصے سے حل نہیں ہوئے ہیں انہیں تیزی سےحل کرنےکی ایک کوشش ہورہی ہے۔ کئی خاندانوںنے اثاثوں کی تقسیم کو لیکر انصاف کیلئے عدالتوں کا رجوع کیا ہے ایسے معاملوں میں خاندانی رشتے خراب ہوتےہیں۔ اسطرح کے مقدمات کی نشاندہی کرتے ہوئے رضامندی اورسمجھوتے کے ساتھ مقدمات کو حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال ایسے ہی تقریباً 45 معاملات کو حل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی14 اگست کوضلعی سطح پر منعقد ہونے والی بڑے پیمانے والی لوک عدالت میں شناخت ہونے والے 8635 مقدمات میں سے 15013 مقدمات کو نمٹا دیا گیا ہے۔اس بار بھی امید سے بڑھ کر کام کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ پریس کانفرنس میں سینئرسیول جج پورنیما کے یادیو وغیرہ موجودتھے۔
