شیموگہ: (انقلاب نیوزبیورو):۔بھدراوتی ودھان سبھا اسمبلی انتخابات میں جے ڈی ایس امیدوار کے طور پرآنجہانی سابق ایم ایل سے اپاجی گوڈاکی بیوی شاردا اپاجی گوڑا کومیدان میں اُتارا جائے گا۔یہ اعلان سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کیا ہے۔ انہوں نے بھدراوتی کے گونی بیڑی میں اپا جی گوڑا کے مجسمہ کی نقاب کشائی کے بعدانہوں نے اگلے الیکشن کیلئے بھدراوتی حلقےسے جے ڈی ایس امیدوار کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھدراوتی حلقے کی عوام اور اپاجی گوڑا کے حامیوں کی آوازوں کی میں قدر کرتا ہوں جو پہلے ہی فیصلہ کر چکے ہیں کہ ان کا امیدوار کون ہوگا ۔لہٰذا ہم بھی بہن شاردا اپا جی گوڑا کو اگلا امیدوار بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسی ماہ کی 27 تاریخ کو بنگلورو میں ورکشاپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ 140 امیدواروں کے پہلے مرحلے کی ورکشاپ کا انعقاد ہوگاجہاں تمام مسائل پر بات کی جائیگی ۔کمارسوامی نےمذہبی عمارتوں کے تحفظ کے مسئلے پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اپنی غلطیوں پر پردہ ڈالنےکیلئے ایکٹ نافذ کرنے جا رہی ہے۔ بی جے پی ایک طرف ہندوتوا کا نام لیتی ہے۔دوسری طرف ان کی اپنی حکومت میں مندر توڑے جارہےہیں۔ ایکٹ کو نافذ کرنےسے پہلے خبردار ہوناچاہئے تھا۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایکٹ کے ذریعے ایک اور ڈرامہ شروع کیا گیا ہے۔ مندر کو مسمار کرنے کے بعد حکومت اب ایکٹ کو نافذ کرنے جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر وہ پہلے ہی خبردار ہوجاتے تو وہ اپنےحقیقی ہندوتواکا تحفظ کرسکتے تھے ۔
