دہلی:۔ ایک شخص نے ایک بڑی ای کامرس کمپنی سے آن لائن موبائل فون خریدا ، لیکن کچھ دنوں کے بعد موبائل ڈیوائس گرم ہونے لگی، جس پر اس شخص نے کمپنی کو گمراہ کن تشہیر کرنے کا الزام لگاتے ہوئے نیشنل کنزیومر ریڈرسل کمیشن میں 743 کروڑ روپے کا مقدمہ دائر کردیا۔ صارفین کے تنازعات کے ازالے کے قومی کمیشن (این سی ڈی آر سی) میں اس معاملہ کی سماعت کرکے تعزیراتی نقصانات کی درخواست کرنے والی شکایت خارج کر دی گئی ہے۔دہلی کے شکایت کنندہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے 23 فروری 2016 کو کمپنی کی ویب سائٹ سے ایک موبائل فون خریدا تھا ، لیکن کچھ دنوں کے بعد موبائل ڈیوائس گرم ہونے لگا ،جس کی وجہ سے اسے فون کمپنی کو واپس کرنا پڑا، تاہم شکایت کنندہ کو کمپنی کی طرف سے بتایا گیا کہ کمپنی نے فون آرڈر سے 16 دن پہلے ’ ریٹرن پالیسی‘ تبدیل کر دی ہے ، اس صورت میں وہ فون مفت میں بدل سکتے ہیں ، البتہ اس کے عوض میں پیسے واپس نہیں ہوں گے۔ اس کے بعد جس نے موبائل خریدا اس صارف نے کمپنی پر الزام عائد کرتے ہوئے صارف عدالت کا رخ کیا۔شکایت کنندہ نے کہا کہ فون واپس کرنے کا آپشن اسے چالان کے بل میں دیا گیا تھا اور آرڈر بھی فہرست میں نظر آرہا تھا۔ صارف نے الزام لگایا کہ کمپنی کی جانب سے بے شمار صارفین کو گمراہ کن اشتہار ، ریٹر ن پالیسی اور غیر منصفانہ تجارتی قوانین کا اشتہار دے کر دھوکہ دیا گیاہے۔ شکایت کنندہ نے خریدے گئے موبائل فون کیلئے 9119 روپے معاوضہ کے ساتھ ساتھ 1 لاکھ روپے کے قانونی چارہ جوئی اور نقل و حمل کے اخراجات کے لیے 743 کروڑ روپے کے تعزیراتی نقصان کا مطالبہ کیا ، جس کی وجہ سے اسے مالی نقصان ہوا۔البتہ شکایت قومی صارف عدالت نے مسترد کردیا ۔
