بنگلورو:۔کرناٹک کے سابق وزیراعلیٰ ایس سدارامیا نےکہاکہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے انہیں پارٹی میں جنرل سکریٹری کے عہدے کی پیشکش کی تھی، لیکن انہوں نے اس پیشکش کو ٹھکرا دیا۔سدارامیا نے کہا کہ مجھے قومی سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ میں صرف کرناٹک کی سیاست تک محدود رہنا پسند کرتا ہوں۔ دہلی کے دورہ کے موقع پرکرناٹک کانگریس کے سینئر لیڈر نے اپنی پارٹی صدر سونیا گاندھی سے بھی ملاقات کی اور ریاست کے دو اسمبلی حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات اور دیگر پارٹی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا: مجھے میٹنگ کے لیے بلایا گیا تھا۔ میں سونیا گاندھی سے ملا۔ ضمنی انتخابات اور کانگریس پارٹی کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سندگی اور ہانگل اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات 30 اکتوبر کو ہوں گے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کانگریس لیڈر شپ قومی سیاست میں ان کے لیے بڑے کردار پر غور کر رہی ہے، سدارامیا نے کہا کہ یہ غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی سیاست کو چھوڑ کر کسی بھی قومی سیاست پر بحث نہیں ہوئی۔تاہم سدارامیا نے دعویٰ کیا کہ اس سے قبل راہل گاندھی نے انہیں پارٹی جنرل سکریٹری کے عہدے کی پیشکش کی تھی، جسے انہوں نے مسترد کردیا تھا۔ کرناٹک اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے یہ بھی کہا کہ انہیں کانگریس ورکنگ کمیٹی کا رکن بنایا گیا تھا لیکن اس عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔ڈی کے شیوکمار کے ساتھ لیڈرشپ کے چیلنج کے درمیان سدارامیا نے آج کانگریس صدر سے ملاقات کی۔خاص طور پر سدارامیا کو کرناٹک کی سیاست میں ایک مضبوط موجودگی سمجھا جاتا ہے، لیکن ڈی کے شیوکمار کانگریس میں ایک نمایاں چہرے کے طور پر ابھرے ہیں اور اعلیٰ افسروں سے ان کی قربت مشہور ہے۔جب سے شیو کمار کو کرناٹک کانگریس کا صدر مقرر کیا گیا
ایک بڑا سوال پارٹی کیڈر اور کانگریس کے لیڈروں کو پریشان کر رہا ہے کہ اگلے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کا وزیر اعلیٰ کا امیدوار کون ہو گا۔کہاجاتاہے کہ ریاست میں پارٹی کیڈر اور ایم ایل اے شیو کمار اور سدارامیا کیمپوں میں تقسیم ہیں۔خود سدارامیا راہل گاندھی کی طرف سے کی گئی اس پیش کش کے بارے میں ٹویٹ کرتے ہوئے بتایاکہ راہل گاندھی نے انہیں قومی سیاست میں آنے کی پیش کش کی اور انہیں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری مقرر کرنے کی خواہش ظاہر کی لیکن انہوں نے راہل گاندھی کو اپنی اس خواہش سے واقف کرایا کہ وہ کرناٹک کی سیاست میں خود کو لگائے رکھنا چاہیں گے۔ انہوں نے راہل گاندھی کو یہ بھی بتایاکہ کرناٹک میں کانگریس کو مضبوط کرنے کے لئے وہ تمام رہنماؤں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں اس کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔
