معلمین کو پڑھائے جانے والے درس  میں اسلام کے خلاف غلط پروپگینڈہ

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر نمایاں
بنگلورو: (انقلاب نیوزبیورو):۔ریاست کے تمام یونیورسٹیوں کیلئے نافذ کئے گئے بی ایڈتیسرے سمسٹر کی کتاب میں اقدار پر مبنی تعلیم کے نام پر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز اور غیر سنجیدہ مضمون جاری کئے جانے کی بات سامنے آئی ہے۔یہ معاملہ سوشیل میڈیا پر جیسے ہی جاری ہواتو اسکے خلاف طلباء اور ماہرینِ تعلیم سمیت مختلف تنظیموں نے سخت برہمی کااظہارکیاہے۔ٹمکوروکے ایک کالج میں اسسٹنٹ پروفیسرکے عہدے پر فائز بی آر رام چندریانے اس سبق کو لکھاہے ،جس کا عنوان”دی ایسنس آف والیو ایجوکیشن” (The Essence Of Values Education)میں اسلام اور مسلمانوں کی توہین کی ہےاوریہ مضمون ریاست کے تمام یونیورسٹیوں کے بی ایڈ سال سوم سمسٹر میں پڑھایاجارہاہے۔سبق میں لکھاگیاہے کہ عام لوگوں کو ہمدردی،امن اور بھائی چارگی کی زندگی گذارنے کی ضرورت ہے،ہم الگ الگ اقدار پر زندگیاں گذار رہے ہیں،مسلمان قرآن تک محدود ہیں اور وہ قرآن کو ہی سب کچھ مانتے ہیں،یہ دنیاکیلئے خطرناک بات ہے اور قدیم روایتوں کو زندہ کرنے کے برابرہے۔مسلمان محدود سوچ رکھنے والوں میں سے ہیں اوروہ وسیع النظرنہیں ہیں،اسلام ہمیشہ اکثریت کے خلاف رہاہے اوراپنے برابرنہیں مانتا۔جہاد ودہشت گرد سرگرمیوں میں یہ ملوث ہیں،گمراہ ہوکر اپنی زندگی گذار رہے ہیں۔جہادیوں کی قربانیوں کو بڑی عزت کے ساتھ دیکھتے ہیں اور اس کی تائید کرتے ہیں۔ایک خداکو ماننا اور دوسرے مذاہب کو کمتر سمجھنا نقصاندہ ہے اور قرآن دنیاکی برائیوں کی جڑہے۔ اس مضمون کو ٹمکورو ، منگلورو کے یونیورسٹیوں میں پڑھا یاجارہا ہے ۔ جب سوشیل میڈیاپر اس مضمون نگارکے خلاف سخت برہمی کااظہارکیاگیاتو قلمکارنے اس بات کااعتراف کیاکہ اس سے غلطی ہوئی ہے،اگلے ایڈیشن میں اس مضمون کو ہٹا دیاجائیگا۔