دبئی:۔دبئی میں مقیم ایک ہندوستانی شہری کو عربی زبان پرمکمل عبوررکھنے پر گولڈن اقامہ جاری کردیا گیا۔ نسیم حمزہ احمد نامی ہندوستانی شہری کو اماراتی ادارہ برائے رہائشی امور کی جانب سے بہترین عربی زبان بولنے اور مثالی ترجمہ کرنے پرگولڈن اقامہ کا حقدار قرار دیا گیا ۔امارتی اخبار کے مطابق دبئی میں ثقافتی اتھارٹی کی جانب سے نسیم حمزہ کی عربی دانی کو مثالی قرار دیا گیا۔ اتھارٹی کے مطابق نسیم حمزہ عربی زبان پر مکمل عبوررکھتے ہیں ۔دریں اثنا نسیم حمزہ کا کہنا تھا کہ اعزاز (گولڈن اقامہ ) سے مجھے بے حد خوشی ہے ، عربی زبان کی خدمت مزید بہتر طریقے سے کروں گا اور عربی سے نابلد افراد کو زبان سیکھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہوں گا۔نسیم نے بتایا کہ گزشتہ 2 برسوں میں 100 سے زائد افراد کو عربی زبان سیکھا چکا ہوں، جبکہ یوٹیوب پر بھی مفت عربی زبان کے کورس شروع کیے ہوئے ہیں جن سے بے شمار لوگ مستفیض ہوتے ہیں۔
