بنگلورو:۔ریاست میں روزبروز بڑھ رہی کوروناکی تعداد کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت عامہ کے ماہرین نے ریاستی حکومت کو اس بات کی سفارش کی ہے کہ وہ ریاست میں سخت قوانین نافذ کرےاور لاک ڈائون کیلئے احکامات جاری کرے،ریاست میں ہر دن 10 تا12 ہزار افراد کو کوروناکی وباء سے متاثر ہونا پڑرہاہے،جسے دیکھتے ہوئے ماہرین نے لاک ڈائون کا نافذ کرنے کیلئے حکومت سےسفارش کی ہے۔اس پر وزیر اعلیٰ یڈی یورپانے تمام حساس اضلاع میں ٹھوس اقدامات اٹھانے کیلئے ہدایت جاری کی ہے،البتہ لاک ڈائون پر کسی بھی طرح کا تبصرہ نہیں کیاہے۔وہیں قیاس آرائیاںکی جارہی ہیںکہ20 اپریل سے ریاست بھر میں 15 دنوںکیلئے لاک ڈائون نافذ کردیاجائیگا۔عنقریب شراب خانے،سنیماگھر،اسکول وکالج کو بند کرنے کیلئے احکامات جاری کئے جائینگے۔اس بات کے بھی امکانات ہیںکہ ریسٹورینٹ کو بھی بند کرنے کیلئے حکومت سے احکامات جاری کئے جاسکتے ہیں۔لیکن یہ احکامات کب سے عمل میں آئینگے،اس پر بھی سوالیہ نشان لگ رہے ہیں۔وہیں دوسری جانب ماہرین کا کہناہے کہ لاک ڈائون جاری کیاجائے یا نہیںیہ الگ بات ہے،لیکن احتیاط کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔جو احتیاطی تدابیر محکمہ صحت عامہ کی جانب سے جاری کئے گئے ہیںاُس پر عمل کیاجائے اور لاک ڈائون ہونے سے پہلے ہی حالات پر قابو پایاجائے۔
