شیموگہ:۔شیموگہ شہرمیں مریضوں کو لانے لے جانے کیلئے ایمبولنس کی بڑی تعداد ہے،اسی طرح سے میت کو قبرستان پہنچانے کیلئے آخری سفر گاڑیوں کابھی معقول انتظام ہے۔جس میں آخری سفر اور نورانی سفر نامی سواریاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔مگر کئی دنوں سے اس بات کو نوٹ کیاجارہاتھاکہ اسپتالوںمیں ہونے والی میتوں کو گھروں تک پہنچانے کیلئے کسی بھی ادارے کے ماتحت معقول انتظامات نہیں تھے،جس کی وجہ سے کمرشیل بنیادوں پر کام کررہے ایمبولنس میں میت کو گھر پہنچانے کا کام ہورہاتھا،جس کیلئے غریبوں کو بھی ہزاروں روپیوں خرچ کرنے پڑرہے تھے۔اس مشکل کو دیکھتے ہوئے روزنامہ آج کاانقلاب نےآخری دیدار نامی ایک واٹس گروپ بنایاجس میں کچھ ہم خیال لوگوں کو لیکر میتوں کو گھر پہنچانے کی سواری کا انتظام کرنے کا فیصلہ کیا۔اس کاوش کو دیکھتے ہوئے بنگلورو کی ہلائی میمن جماعت(ایچ ایم جے) نے ایک ایمبولنس روزنامہ کو فراہم کی،جسے شیموگہ ہلائی میمن جماعت کے صدر عثمان پٹیل نے سوناگروپس کے ایم ڈی اقبال حبیب سیٹھ اور قادر باشاہ کی موجودگی میںروزنامہ کو سونپی۔قانونی کارروائیوںکے بعد آج یعنی بروزجمعہ کے روز باضابطہ طور پر یہ سواری قوم کیلئے خدمات انجام دینے کیلئے تیارہوچکی ہے۔آج بعد نماز جمعہ اس سواری کے اجراء کے موقع پر گروپ کے کارکنان ڈاکٹر سید ثناء اللہ،سی آرپی منصوراحمد،سی آرپی پرویز احمد، محمد آصف،محمدرفیق قادری اور روزنامہ آج کاانقلاب کا عملہ موجودرہا۔اس سواری کو نہایت غریب لوگوں کو پوری طرح سے مفت دینے کا فیصلہ کیاگیاہے،البتہ جو صاحب استطاعت سواری کے اخراجات دینا چاہتے ہیں وہ صرف اخراجات دیکر سواری کااستعمال کرسکتے ہیں۔
