شیموگہ: ہانگل اورسندھگی میں جے ڈی ایس کی جو شکست ہوئی ہے وہ ووٹروں کی لاپرواہی سے نہیں بلکہ کمار سوامی کے تکبر سے ہوئی ہےاور ہانگل میں جسطرح سے ضمیر احمد نے اقلیتوں کے ووٹوں کا بٹوارہ ہونے سے روکا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ اس بات کا اظہار جے ڈی ایس کے سابق لیڈر وسماجی کارکن الہدیٰ محمد غوث نے کیا ہے۔ انہوں نے ہانگل ضمنی انتخابات میں ضمیر احمد کی کاوشوں کی سراہانہ کرتے ہوئے کہا کہ ضمیر احمد نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی بنیاد پر جو کام کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ پھر ایک مرتبہ یہ بات ثابت ہوچکی ہےکہ مسلمانوں کی اگر صحیح رہنمائی ہوگی تو مسلمان بہتر طریقے سے کام کریںگے۔ ہانگل کو بی جے پی کا گڑھ مانا جاتا تھا ایسے علاقے میں ضمیر احمد جیسے قائد نے اقلیتوں کی رہنمائی کرتے ہوئے کانگریس کو جیت دلائی یہ خوش آئند بات ہے۔ کمار سوامی کو چاہئے کہ وہ اقلیتوں کی آنکھوں میں دھول ڈالنا چھوڑیں، اگر وہ کانگریس کے ساتھ ریاست میں حکومت بحال رکھتے تو انہیں مزید کامیابی مل سکتی تھی مگر انہوں نے اقتدار اوراپنے فائدے کی خاطر ریاست میں کانگریس وجے ڈی ایس کی مخلوط حکومت کو گرا کر بی جے پی کو حکومت بنانے کا موقع دیا ہے۔ اسی وجہ سے وہ شکست حاصل کرتے ہوئے لوگوں کے اعتبار سے ہٹتے جارہے ہیں اورجے ڈی ایس کو لوگ اپنے دلوں سے ہٹانے لگے ہیں۔ ہم اس موقع پر ضمیر احمد سے اس بات کی گذارش بھی کریںگے کہ وہ ریاست بھر کے مسلمانوں کی قیادت کیلئے آگے آئیں۔
