وجئےپورہ: سندھگی ضمنی انتخابات میں ووٹروں نے تاریخی فیصلہ سنایا ہے۔ آنے والے اسمبلی انتخابات بسواراج بومائی کے نہیں بلکہ اجتماعی قیادت میں انجام دئے جائیںگے۔ اس بات کا اظہار رکن اسمبلی بسونگوڑاپاٹل یتنال نے کیا ہے۔ انہوںنے یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہانگل میں کانگریس کی جیت محض ایک اتفاق ہے، آنجہانی ریاستی وزیر سی ایم اوداسی نے طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے لوگوں سے رابطہ کرنا کم کردیا تھا۔ جبکہ کامیاب ہونے والے رکن اسمبلی شرینواس مانے نےکورونا کے ایام میں بہتر کام کرتے ہوئے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی تھی، جس کی وجہ سے لوگوں نے انہیں قبول کیا۔ یتنال نے مزید مطالبہ کیا کہ ایس سی طبقے کو 5.7ریزرویشن دیا جائے، ساتھ میں مراٹھا، پنچم سالی، آدی بنجیگااور کوڑو وکلیگا سماج کے لوگوں کو بھی 2Aکے زمرے میں لایا جائے۔ اگر تلوار وپریوار سماج کے لوگوں کو ایس ٹی سرٹیفکیٹ نہیں دی جائےگی تو میں ودھان سودھا میں احتجاج کروںگا۔
