شیموگہ:۔ شہر کے ریلوے اسٹیشن میں ایک بزرگ خاتون کو موت کے منہ میں جانے سے بچالیا گیا ہے۔ یہ واقعہ کل منگل کے دن پیش آیا ہے۔ جس میں ایک خاتون چلتی ہوئی ٹرین سے اترنے کی کوشش کررہی تھی۔ ٹرین سے اترتے وقت اسکا پیر پھسل گیا اور وہ ٹرین کے درمیان آکر کٹنے ہی والی تھی کہ ریلوے پروٹیکشن فورس کے اہلکاروں نے پھرتی دکھاتے ہوئے خاتون کو بچالیا۔ تالگوپہ بنگلورو انٹرسٹی ریل جب شیموگہ سے روانہ ہورہی تھی اس وقت یہ حادثہ پیش آیا۔ دراصل یہ خاتون اپنے رشتہ داروں کو الوداع کہنے آئی تھی اور ٹرین میں سوار ہوئی تھی۔ ٹرین نکلنے کے بعد جب وہ اترنے کی کوشش کررہی تھی اس وقت یہ حادثہ پیش آیا۔ موقع پر کھڑے ہوئے آرپی ایف کے پولیس اہلکار جگدیش انپا اور سنتوش نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر اس خاتون کو بچایا۔ پولیس کی اس کارگذاری پر لوگوں نے سراہا ہے ۔
