کنگنا راناوت کے متنازع بیان پر اپوزیشن سخت برہم; کانگریس-این سی پی کا پدم شری واپس لینے کا مطالبہ

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔اپوزیشن جماعتوں نے ’ہندوستان کو آزادی بھیک میں ملنے ‘والے بیان پر اداکارہ کنگنا راناوت سے پر پدم شری ایوارڈ واپس لینے کا مطالبہ کیاہے۔ جہاں کانگریس لیڈروں نے کنگنا کے بیان کو غداری قرار دیا، وہیں ان دنوں سرخیوں میں این سی پی لیڈر نواب ملک نے بھی ان پر طنز کیا ہے۔ ملک نے کنگنا کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے 24 سیکنڈ کے کلپ میں راناوت کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ1947 میں آزادی نہیں بلکہ بھیک تھی اور جو آزادی ہمیں ملی وہ2014 میں ملی۔ ساتھ ہی کانگریس کے سینئر لیڈر آنند شرما نے کہاکہ کنگنا راناوت کا بیان نہ صرف مہاتما گاندھی، پنڈت نہرو اور سردار پٹیل جیسے مجاہدین آزادی بلکہ سردار بھگت سنگھ، چندر شیکھر آزاد جیسے انقلابیوں کی قربانیوں کی بھی توہین ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم کو اپنی خاموشی توڑنی چاہیے اور ملک کو بتانا چاہیے کہ کیا وہ کنگنا راناوت کی رائے کی حمایت کرتے ہیں۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو حکومت کو ایسے لوگوں کے خلاف مناسب قانونی کارروائی کرنی چاہیے۔ شرما نے اصرار کیاکہ صدرجمہوریہ کو فوری طور پر کنگنا سے پدم ایوارڈ واپس لینا چاہیے۔ ایسے اعزازات دینے سے پہلے ذہنی حالت کا جائزہ لینا چاہیے تاکہ ایسے لوگوں کو یہ اعزاز نہ ملے جو ملک اور اس کے ہیروز کی توہین کرتے ہیں۔ ساتھ ہی مہاراشٹر کے وزیر اور این سی پی لیڈر نواب ملک نے کنگنا کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ میں اداکارہ کنگنا رناوت کے بیان کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ اس نے مجاہدین آزادی کی توہین کی ہے۔ مرکزی حکومت پدم شری واپس لے کر کنگنا کو گرفتار کرے۔ کنگنا پر طنز کرتے ہوئے ملک نے کہاکہ محترمہ ملانا کریم لے کر زیادہ بول رہی ہیں۔ ملانا کریم کی خوراک زیادہ ہوگئی اس لئے الٹی سیدھی بات کر رہی ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ مرکزی حکومت کنگنا رناوت کا پدم شری واپس لے۔