منسٹری آف کلچر اینڈ لٹریچر کے تحت مرکزی ساہتیہ اکادمی دہلی نے 2020ء کا بال ساہتیہ پرسکار تقسیم کیا; بچوں کا ادب صرف ہمارا شوق ہی نہیں ہماری ذمہ داری بھی ہے: حافظؔ کرناٹکی 

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر نمایاں نیشنل نیوز
شیموگہ:۔اس بار مرکزی منسٹری آف کلچر اینڈ لٹریچر کے تحت مرکزی ساہتیہ اکادمی دہلی نے2020کے بال ساہتیہ پرسکار کے تاریخی جلسے کیلئےریاست اڑیسہ کی راجدھانی بھوبنیشور کا انتخاب کیا ہے ۔ جلسہ میں ہندوستان کی چوبیس زبانوں کے ادب اطفال کے شعراء و ادبا کو ان کی گرانقدر خدمات پر بال ساہتیہ پرسکار سے نوازا گیا۔ اس جلسے میں استقبالیہ تقریر کے سری نواسا راؤ سکریٹری ساہتیہ اکادمی دہلی نے پیش کی اور سبھی شعراء ادبا کا نہایت شاندار انداز میں استقبال کیا اور الگ الگ زبانوں میں بچوں کے ادب کو فروغ دینے میں ان کی قدر افزائی کی۔ اس یادگار جلسے کی صدارت کے فرائض ساہتیہ اکادمی دہلی کے نائب صدرمادھو گوشی نے اداکیے۔ انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ہندوستان ایک گلشن کی طرح ہے، جس طرح گلشن کی خوبصورتی رنگا رنگ پھولوں سے بڑھ جاتی ہے۔ اسی طرح ہندوستان کے حسن میں ہندوستان کے الگ الگ علاقوں میں بولی جانیوالی زبانوں کا ادب اضافہ کرتا ہے اور اس کے کلچر کو رنگا رنگ بناتا ہے، انہوں نے بچوں کے ادب کی اہمیت پر زور ڈالتے ہوئے کہا کہ بچوں کے ادب سے ہی ادب کی زندگی میں بہار آتی ہے۔ بچوں کا ادب ہی بچوں کے دلوں میں اپنے وطن سے محبت کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔ اپنے کلچر کی رنگا رنگی کے حسن کا احساس دلاتا ہے۔ اور اسے ایک اچھا اور ذمہ دار شہری بننے میں تعاون دیتا ہے۔ اس لیے بچوں کے ادب کی قدردانی اور اس کی آبیاری ضروری ہے۔ اور جو لوگ بچوں کے ادب کی آبیاری میں اپنا خون جلاتے ہیں وہ ہر طرح ہمارے شکریہ کے مستحق ہیں۔ انہوں نے بچوں کے ادیبوں کو مبارکباد بھی دی اور ان کے کاموں کو سراہا بھی۔بزرگ شاعر رماکانت رتھ جی نے سبھی شعراء و ادبا کو مبارکباد دی۔ ساہتیہ اکادمی دہلی کے کاموں کو سراہا۔ اور ادب کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ؛ کسی بھی ملک کی ترقی اور اس کے شہریوں کی اخلاقی تربیت میں ادب کا بیش از بیش رول ہوتا ہے۔ ادب ہماری اجتماعی اور انفرادی زندگی کا آئینہ ہوتا ہے۔ اور بچوں کا ادب تو ہمارے مستقبل کے خوابوںکا سب سے محفوظ جزیرہ ہے۔ یہ جزیرہ جب تک محفوظ ہے ہمارے خواب سلامت ہیں اور جب تک ہمارے خواب سلامت ہیں ہمارے بڑھتے قدموں کو کوئی نہیں روک سکتا ہے۔امسال 2020کیلئےجن شعرا و ادباکو بال ساہتیہ پرسکار سے نوازا گیااُن کے نام اس طرح سے ہیں۔ حافظؔ کرناٹکی ’’فخر وطن‘‘(اردو)، مدھوریما گھرپھالیہ(آسامی)، پراچیتا گپتا (بنگال)، اجیت بورو(بوڈو)، شیودیوسنگھ سوشیل(ڈوگری)، وینیتا کویلہو (انگریزی)، نٹورلال گردھر داس پاٹیل (گجراتی)، بال سوروپ راہی (ہندی)، ایچ،ایس،بیاکوڈ (کنڑا)، سیداختر حسین منصور(کشمیری)، وی کرشنا ودیصار (کونکنی)، سیارام جھاسارس (میتھلی)، گریسی جوسیپ (ملیالم)، ناوریم ودیا ساگر سنگھ (منی پوری)، اباگوندا مہاجن (مراٹھی)، دھوربا چوہان (نیپالی)، راماچندرانایک (اڑیا)، کرنیل سنگھ سومال (پنجابی)، منگت بادل (راجستھانی)، اروند کمار تیواری(سنسکرت)، جے رام ٹوڈو(سنتھالی)، صاحب بجانی (سندھی)، ایس، بال کرشنا (تمل)، کنّے گنتی اناسویا(تیلگو) شامل ہیں۔
حافظؔ کرناٹکی نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو پڑھاتے پڑھاتے اور بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے اسکول وکالج چلاتے چلاتے اور نصابی ضرورت کے تحت نظمیں لکھتے لکھتے، مجھے بچوں کے ادب سے ایسا عشق ہو گیا کہ یہی میری زندگی بن گئی۔ آج میں جو کچھ ہوں وہ بچوں اور بچوں کے فرمائشی ادب اور بچوں کے ادب کا طفیل ہے۔مجھے خوشی ہے کہ بچے ہر موقع سے بلاتکلف مجھ سے فرمائش کر کرکے نظمیں لکھواتے تھے، بلکہ آج بھی لکھواتے ہیں۔ انہیں معصوم بچوں کی تمناؤں کی تکمیل نے مجھے اس مقام تک پہونچایا ہے۔سچ پوچھیے تو بچوں کے درمیان رہتے رہتے میںان کا اور وہ میرے دوست بن گئے۔ یہ دوستی دل لگی کا معاملہ نہیں ہے بلکہ دل کی لگی کا معاملہ ہے۔ آج میں اس لیے زیادہ خوش ہوں کہ جن لوگوں نے کہا تھا کہ بچوں کے ادب میں کیا رکھا ہے۔ انہیں شاید اپنی رائے بدلنے کا موقع مل گیا ہے۔کیوں کہ بچوں کا ادب صرف ہمارا شوق ہی نہیں ہماری ذمہ داری بھی ہے۔ اس ذمہ داری سے بھاگنے کی نہیں بلکہ اسے سنبھالنے کی ضرورت ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ یہ بال ساہتیہ پرسکار اردو ادب اطفال کا اجتماعی پرسکار ہے۔ ساہتیہ اکادمی کا یہ جلسہ کامیابیوں اور بچوں کے ادب کی حوصلہ مندیوں کے فروغ کے سچے جذبے کے ساتھ نہایت خوب صورتی سے اختتام کو پہونچا۔ مدھو کوشک نائب صدر ساہتیہ اکادمی دہلی نے سبھی زبانوں کے شعرا وادبا اور تمام حاضرین مجلس اور شرکاء جلسہ کا شکریہ اداکیا۔ اور امید ظاہر کی کہ جب تک ہمارے ملکِ عزیزکی زبانوں میں بچوں کا ادب تخلیق کرنے والے ادباو شعرا فعال رہیں گے اور وہ اپنی ذمہ داریوں کو اسی طرح سنبھالتے رہیں گے ہمارا دیش ترقی کے راستے پر آگے بڑھتا رہے گا۔جناب مدھوکوشک نائب صدر ساہتیہ اکادمی دہلی نے سبھوں کا شکریہ ادا کیا۔