دہلی:۔ دہلی میں پی ایم نریندر مودی کے ڈریم پروجیکٹ سینٹرل وسٹا پروجیکٹ کا تعمیراتی کام کورونا لاک ڈاؤن میں نہیں رکا تھا، دہلی میں آلودگی خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے،بناء بریں اسے اب روکنا ہوگا۔ دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے اتوار کو کہا تھا کہ حکومت نے دہلی میں آلودگی کی وجہ سے تمام اسکولوں اورکوچنگ سینٹر کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں صرف و ہ مقامات مستثنیٰ ہے، جہاں پہلے سے امتحانات ہیں، تاہم تعمیراتی مقامات پر کام 14 سے 17 نومبر تک بند رہے گا جس کے بعد حکومت آئندہ کی صورتحال پر فیصلہ کرے گی۔دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے آلودگی پر قابو پانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا۔اس دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا سینٹرل وسٹا پروجیکٹ کا تعمیراتی کام بھی روک دیا جائے گا، تواس کے جواب میں گوپال رائے نے واضح کیا کہ دہلی کے اندر تمام تعمیراتی کام جو چل رہے ہیں،وہ سب بند ہوںگے۔ چھوٹے اور بڑے تعمیراتی کام، مرکزی اور دہلی حکومت کا کام یا پرائیویٹ اور ایم سی ڈی کا، تمام قسم کے تعمیراتی کام بند رہیں گے۔دہلی میں فضائی آلودگی کے بحران سے نمٹنے کے لیے ہفتے کے روز کئی ہنگامی اقدامات کا اعلان کیا گیا، جن میں ایک ہفتے کے لیے اسکول اور کالج بند کرنا، تعمیراتی کاموں پر پابندی اور سرکاری ملازمین کے لیے و رک فرام ہوم شامل ہے۔
