شیموگہ:۔بچوں کو اچھی تعلیم، صحت اور نظم و ضبط کے ذریعہ انکی زندگی کی بنیاد کا تحفظ کیا جائے توانہیں برائیوں کا شکار ہونے سے روکا جا سکتا ہے۔ان باتوں کا اظہار ضلع ڈپٹی کمشنر کے بی شیوکمار نے کیا ہے۔وہ آج شہر کے کوئمپورنگا مندرامیں شیموگہ ضلع پولیس محکمہ کے زیر اہتمام منشیات کی لت سے متعلق عوامی بیداری مہم۔2021 کے افتتاح کے موقع پرکیاہے۔بچوں کی مجموعی نشوونما کی بنیاد مضبوط ہونی چاہئے۔ انہیں اچھا سماجی ماحول، تعلیم اور صحت فراہم کرنا ضروری ہے۔ تب ہی پورا خاندان اور معاشرہ ترقی کر سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ منشیات کا استعمال ایک فیشن بن گیا ہے، منشیات کے پرکشش پیکٹ بنا کر بچوں اور نوعمروں کو اسکی طرف متوجہ کیا جارہا ہے۔ بچوں کو منشیات جیسی بری عادات کی طرف مائل کرنے کی کوششیں کی جاری ہیں۔اس لئےاسکول میں منشیات کے بارے میں آگاہی ہونا ضروری ہے۔ بچوں میںبیڑی، سگریٹ کی لت اور دیگر بری عادتیں شدید نقصاندہ ہو سکتی ہے اور اس پر قابو پانا بہت مشکل ہو سکتا ہے۔ بچے ان چیزوں کو خریدنےکیلئے درکار رقم کیلئے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہو سکتے ہیںاور ان بچوں کی معاشرے میں کوئی قدر و قیمت باقی نہیں رہتی۔جلسہ میں شریک ضلعی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس لکشمی پرساد نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں منشیات کی لت سے بچاؤ کی مہم کامیابی سے چلائی گئی اور آج اختتامی تقریب منعقد ہوئی ہے۔ا سکول کے اساتذہ اور طلباء سمیت ضلع بھر کے کل 50 اسکولوں کا دورہ کرکے نشہ آور اشیاء کے استعمال کے اثرات سے آگاہی دلانے کی کوشش کی گئی ہے۔اس کے علاوہ 30 سے زیادہ عوامی مقامات پر آگاہی پروگرام منعقد کئے گئے ہیں۔اسی اجلاس میں منشیات کے تحفظ کیلئے اٹھائےگئے بیداری مہم کے پیش نظر شیموگہ ضلع سمیت تعلقہ سطح پر آنے والے اسکولوں میں طلباء کیلئے منعقد کئے گئے تقریری، تحریری، مصوری جیسے مقابلوں میں کامیاب ہونے والے 63 طلباء کوانعامات سے نوازا گیا۔ پروگرام میں اے ایس پی ،ایچ ٹی شیکھر، ڈی وائی ایس پی پرشانت، محکمہ تعلیم اور محکمہ پولیس کے افسران، اساتذہ، طلباء سمیت دیگر کئی لوگ موجودتھے۔
