ہماری سرزمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے:راج ناتھ

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پاکستان کوخبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان یا ملک دشمنوں نے ملک کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کی تو نیا بھارت منہ توڑ جواب دے گا۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہفتے کے روزکہاہے کہ بھارت اپنے پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے لیکن خبردارکیاہے کہ اگر کوئی ملک اس کی ایک انچ زمین پر بھی قبضہ کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ سنگھ، ایک سینئر بی جے پی لیڈرشہید سمان یاترا کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرنے اتراکھنڈ پہنچے تھے، جو پتھورا گڑھ ضلع کے جھولکھیت مونا کوٹ سے شروع ہوئی تھی۔انھوں نے کہاہے کہ ہم اپنے پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔بھارت نے کبھی کسی ملک پر حملہ نہیں کیا اور نہ ہی کسی بیرونی سرزمین پر قبضہ کیا ہے۔ پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات بھارت کاکلچر رہاہے، لیکن کچھ لوگ اسے نہیں سمجھتے۔ پتہ نہیں یہ ان کی عادت ہے یا فطرت۔ پاکستان کا نام لیتے ہوئے مرکزی وزیرنے کہاہے کہ وہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کے ذریعے ہندوستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرتا رہتا ہے اور اسے ایک مضبوط پیغام بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ ہم نے مغربی سرحد پر اپنے پڑوسی کو واضح پیغام دیا ہے کہ اگر وہ سرحد پار کرتا ہے تو ہم سرحدوں پر نہ صرف جوابی کارروائی کریں گے بلکہ اس کی حدود میں داخل ہو کرسرجیکل اورفضائی حملے بھی کریں گے۔