دہلی:۔ملک میں کرونا وائرس کے انفیکشن کے پھیلاؤ میں ایک بار پھر تیزی آنے کے بعد گزشتہ دو دنوں سے صورتحال میں کچھ بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ مسلسل دو دنوں سے کروناکے روزانہ کیسز میں کمی آئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس انفیکشن کے کل 2 لاکھ 38 ہزار 18 نئے کیسز درج کیے گئے ہیں۔یہ تعداد پیر کو سامنے آنے والے کیسز سے تقریباً 20 ہزار کم ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک لاکھ 57 ہزار 421 متاثرین صحت یاب ہوئے ہیں اور 310 کی موت ہوئی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 17 لاکھ 26 ہزار 628 ہو گئی ہے۔ دوسری جانب کرونا وائرس کے نئے اور زیادہ متعدی قسم اومیکرون سے انفیکشن کے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8891 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔اومیکرون کے انفیکشن میں پہلے دن کے مقابلے میں 8.31 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اومیکرون جو پوری دنیا کے لیے بحران کا سبب بن چکا ہے، یہ نئی قسم ہندوستان کی تمام ریاستوں میں پہنچ چکی ہے۔کیرالہ میں اومیکرون انفیکشن کے 63 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اب ریاست میں اومیکرون کیسز کی کل تعداد 591 ہو گئی ہے۔ نئے مریضوں میں سے چار کا تعلق تمل ناڈو سے ہے، جو مختلف ممالک سے کیرالہ آئے تھے۔ 36 کم خطرے والے اور نو زیادہ خطرے والے ممالک سے آئے۔ ان کے رابطے میں آنے سے نو افراد متاثر ہوئے ہیں۔
