یوکرین بحران: حکومت نے پھنسے ہندوستانیوں کو نکالنے کیلئے نظرثانی شدہ ہدایت نامہ کیاجاری

سلائیڈر نیشنل نیوز
 دہلی:۔جنگ زدہ یوکرین سے پھنسے ہندوستانیوں کو لانے کی مہم زوروں پر ہے، اور اس کے پڑوسی ممالک سے طیارے مسلسل ہندوستان پہنچ رہے ہیں۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ آپریشن گنگا کے تحت 240 پھنسے ہوئے ہندوستانی شہریوں کو لے کر چھٹی پرواز ہنگری کے بوڈا پیسٹ سے دہلی کے لیے روانہ ہوئی ہے۔ دریں اثنا یہ اطلاع بھی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی یوکرین میں جاری روسی فوجی آپریشن کے درمیان پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کے انخلا میں تعاون کرنے کے لئے چار مرکزی وزراء کو یوکرین کے پڑوسی ممالک بھیجیں گے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزراہردیپ سنگھ پوری، جیوتی رادتیہ سندھیا، کرن رجیجو اور جنرل (ریٹائرڈ) وی کے سنگھ واپسی کے مشن کو مربوط کرنے اور طلباکی مدد کے لیے یوکرین کے پڑوسی ممالک کا سفر کریں گے۔مرکزی حکومت نے یوکرین سے پھنسے ہوئے طلبا اور ہندوستانی شہریوں کو واپس لانے کے لیے آپریشن گنگا شروع کیا ہے۔ اس کے علاوہ یوکرین میں ہندوستانی سفارت خانے نے آج مطلع کیا کہ کیف میں ہفتے کے آخر میں کرفیو ہٹا لیا گیا ہے۔ سفارت خانے نے کہا کہ یوکرین ریلوے کے ذریعے بیرون ملک کے باشندگان کے لئے خصوصی ٹرینیں چلا رہا ہے اور تمام طلبہ کو مغربی حصوں کا سفر کرنے کے لیے ریلوے اسٹیشن جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔وہیںصحت اور خاندانی بہبود کی وزارت نے پیر کو اپنی بین الاقوامی ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کی، جس میں یوکرین سے نکالے جانے والے ہندوستانیوں کو کئی چھوٹ دی گئی۔ یوکرین سے آنے والے ہندوستانیوں کو لازمی منفی آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ اور ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے ساتھ ساتھ روانگی سے قبل دستاویزات ایئر سویدھا پورٹل پر اپ لوڈ کرنے سے مستثنیٰ قراردیاگیا ہے۔ایک بیان میں وزارت نے کہا کہ اگر کوئی مسافر قبل از آمد آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ پیش کرنے کے قابل نہیں ہے یا اس نے اپنی کرونا ویکسی نیشن مکمل نہیں کی ہے، تو انہیں ان کی آمد کے بعد 14 دن تک ہوم آئی سولیشن میں رہنا ہوگا۔28 فروری 2022 تک 1156 ہندوستانی یوکرین سے ہندوستان آئے ہیں، جن میں سے کسی بھی مسافر کو  آئی سولیشن میں نہیں رکھا گیا ہے۔