دہلی:۔یوکرین میں پھنسے ہندوستانیوں کو بچانے کی حکومت کی کوششیں وقت کے ساتھ ساتھ زور پکڑ رہی ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق شورش زدہ یوکرین کے ہمسایہ ممالک کے لیے 31 پروازیں چلائی جائیں گی اور اس ملک میں پھنسے ہوئے 6300 سے زائد افراد کو واپس لایا جائے گا۔ آپریشن گنگا کے تحت یہ پروازیں ایئر انڈیا، ایئر انڈیا ایکسپریس، انڈیگو، اسپائس جیٹ اور انڈین ایئر فورس کے ذریعے چلائی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق 2 مارچ سے بخارسٹ، رومانیہ سے ہندوستانیوں کو واپس لانے کیلئے 21 پروازیں چلائی جائیں گی، جبکہ چار پروازیں ہنگری کے بڈاپسٹ سے چلائی جائیں گی۔ لوگوں کو واپس لانے کے لیے، چار دیگر پروازیں پولینڈ کے ریززو سے (Rzeszow)اور ایک فلائٹ سلوواکیہ کے کوسسے سے چلائیں جائیں۔ہندوستانی فضائیہ بخارسٹ سے ہندوستانیوں کو واپس لائے گی۔ مجموعی طور پر، 2 اور 8 مارچ کے درمیانیہ 31 پروازیں چلائی جائیں گی اور 6300 سے زیادہ لوگوں کو ہندوستان واپس لایا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق ایئر انڈیا اور اسپائس جیٹ کے طیاروں میں تقریباً 180 افراد کی گنجائش ہے، ایئر انڈیا اور انڈیگو بالترتیب 250 اور 216 مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایئر انڈیا ایکسپریس سات پروازیں چلائے گی جبکہ اسپائس جیٹ چار پروازیں چلائیگی۔ ایئر انڈیا سات اور انڈیگو 12 پروازوں میں لوگوں کو واپس لائیگی۔
