شیموگہ:شہر کے مضافات کوٹے گنگور گرام پنچایت کے حدود میں شامل دیہاتوں کو بنیادی سہولیات کی دستیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے آج یہاں کی استری بندھو کوآپریٹیوں اسوسیشن کی قیادت میں دیہاتیوں نے ڈپٹی کمشنردفتر کے روبرو اپنے مطالبات رکھے ہیں۔ مظاہرین نے بتایاکہ یہاں اسپتال کی سہولت نہ ہونے کے سبب آس پاس کے کئی دیہاتوں سے بچوں، خواتین ، حاملہ خواتین اور معمولی امراض کیلئے بھی شیموگہ شہر کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ یہاں اسپتال نہیںہے لیکن اسپتال اورہاسٹل ہونے کے باوجود یہ خالی پڑے ہوئے ہیں ۔ گرام پنچایت کو اس تعلق سے مطالبہ کیا گیا ہے لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس درخواست کو محکمہ صحت کے آگے بھی رکھاتھا لیکن یہاں بھی ہمیں مایوسی ہی ہاتھ آئی ہے۔ مزید کہا کہ کوٹے گنگور میں روزانہ صرف دو مرتبہ ہی بس کی نقل وحمل ہوتی ہے۔ اسکولوں کے دنوں میں نقل وحمل کرنے والی یہ بسیں تعطیل کے دنوں میں یہاں کارخ نہیں کرتی ہیں۔ اس سے دیہاتیوں کو بس کی سہولیات سے بھی محروم رہنا پڑتا ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ہردن یہاں بس کی سہولیات کی فراہمی کریں ۔ ساتھ ہی انہوں نے اس بات کا بھی زور دیا ہے کہ اس گائوں میں ریل گاڑی کی نقل وحمل کا انتظام کیا گیا ہے لیکن یہاں کوئی بھی ٹرین نہیں رکتی ہے۔اس کا انتظام کیا جائے۔ اس موقع پر آشا ، سرسوتی، سومترا، وغیرہ موجودتھے۔
