شمال سے جنوب تک،ہر طرف اگنی پتھ کی آگ

سلائیڈر نیشنل نیوز

پٹنہ،بلیا،حیدرآباد:۔حکومت کی جانب سے فوج میں بھرتی کے لیے بنائی گئی اگنی پتھ اسکیم میں عمر کی حد بڑھانے کے بعد بھی یہ مظاہرہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔مظاہروں کا دائرہ پورے ملک یوپی اور بہار میں مظاہرین نے ٹرینوں کو آگ لگا دی۔ کئی مقامات پر ریلوے ٹریک اور سڑکیں بلاک کر دی گئیں۔ وہیں یوپی کے بلیا میں بھی صبح 5 بجے سے ہی مظاہرہ شروع ہو گیا۔ یہاں کئی گاڑیوں کے شیشے توڑے گئے۔ پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ فیروز آباد میں آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے پر چار بسوں میں توڑ پھوڑ اور جام کر دیا گیا۔ ہریانہ کے نارنول میں بھی نوجوانوں نے سڑک بلاک کر دی ہے۔تلنگانہ کے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر بھی آتش زنی اور توڑ پھوڑ کی گئی ہے، یہاں ایک ٹرین کو پھونک دی گئی ہے۔ یہاں پرتشدد مظاہرے میں ایک کی موت ہو گئی۔ راجستھان کے بھرت پور جنکشن ریلوے اسٹیشن پر مظاہرین نے ایک پولیس اہلکارپرحملہ کیا۔احتجاج کی وجہ سے 200 ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں۔ ملک بھر میں 35 ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جب کہ 13ٹرین تاخیر سے چل رہی ہیں ۔ بہار کے 25 اضلاع میں زبردست ہنگامہ جاری ہے۔ مظاہرین نے سمستی پور میں دو مسافر ٹرین، لکھی سرائے میں دو، آرا اور سپول میں ایک ایک ٹرینوں کو آگ کے حوالے کردی۔اس کے ساتھ ہی بکسر اور نالندہ سمیت کئی اضلاع میں ریلوے پٹریوں پر آتش زنی کی گئی ہے۔ آتشزنی کے بعد آرہ میں سڑک جام ہو گئی ہے۔بتیا میں ڈپٹی سی ایم رینو دیوی کی سرکاری رہائش گاہ پر پتھراؤ کیا گیا ہے۔ مرکزی فوج کے اگنی پتھ منصوبے کے خلاف بہار تیسرے دن بھی جلتا رہا۔ دارالحکومت پٹنہ سمیت 25 اضلاع میں زبردست فسادات ہوئے۔ دانا پور اورلکی سرائے اسٹیشنوں سمیت نصف درجن سے زیادہ اسٹیشنوں پر آتش زنی کی گئی۔9 ٹرینوں کو آگ لگا دی گئی۔ پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔ بعض مقامات پر پولیس نے لاٹھی چارج اور فائرنگ کا سہارا لیا۔ بتیا میں مظاہرین نے نائب وزیر اعلیٰ رینو دیوی، بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے جیسوال کے گھر پر حملہ کیا۔یہاں بی جے پی ایم ایل اے ونے بہاری کی گاڑی پر پتھراؤ کیا گیا۔ مظاہرین نے ساسارام اور مدھے پورہ میں بی جے پی کے دفاتر کو نذر آتش کیا۔ نوادہ میں بی جے پی کے دفتر کو ایک دن پہلے جلا دیا گیا تھا۔