پردھان منتری آواس یوجنا کیلئے خصوصی اجلاس بلایا جائے: اپوزیشن لیڈران کا مطالبہ

ڈ سٹرکٹ نیوز
شیموگہ:نامکمل پردھان منتری آواس یوجنا کو مکمل کرنے اور شیموگہ شہر کے سلم آبادیوں کےباشندوں کے لیے فوری طور پر حق پتر کی فراہمی کیلئےخصوصی اجلاس بلایا جائے۔اس بات کا مطالبہ شیموگہ کارپوریشن کے اپوزیشن پارٹی اراکین نے آج ڈپٹی کمشنر سے کیا ہے۔ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت، تمام کیلئے گھروںکے منصوبے کے تحت سلم بورڈ سے شیموگہ کارپوریشن کے دائرے اختیار میں آنے والے، اشوک نگر ، چیانل ایریا، گوپالاسروے نمبر 10، ہنومنت نگر، کمبار گونڈی، ٹیپو نگر تالاب، جے پی نگراور شانتی نگر کے علاقوں میں 1590 سلم آبادیوں کیلئے مکانات کی تعمیر کا منصوبہ سال 2018-19 میں شروع کیا گیا تھا۔انہوں نےکہا کہ غریب سلم آبادیوںکےمقامیوں سےپیشگی رقم جمع کرنے کے 6 ماہ کے اندر مکانات تعمیر کرنے کا وعدہ کیاگیا تھا۔ انہوں نے شکایت کی کہ تین سال گزرنے کے باوجود صرف 346 مکانات تعمیر ہوئے ہیں اور باقی مکانات مکمل نہیں ہوئے ہیں اور غریب سلم آبادیوں کے لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔یہاں کے لوگ بغیر مکان کے کرائے کے مکان میں رہ رہے ہیں اور شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ اس سلسلے میں متعدددفعہ اپیلیں کی گئی ہیں۔ مقررہ مدت بھی ختم ہوچکی ہے اور 1244 مکانات ابھی تک نامکمل ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر تعمیراتی کاموں کی ذمہ دار ایجنسی اور سلم بورڈ کے عہدیداروں کی میٹنگ بلائی جائےاور تعمیراتی کام کو مکمل کرنے کیلئے مناسب کارروائی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ شہر کے امبیڈکر نگر اور اشوک نگر چیانل ایریا سمیت مختلف علاقے جو پہلے ہی سرکاری ملکیت ریونیو اراضی میں سلم علاقے قرار دے جاچکے ہیں۔ان علاقوں کے مقامیوں کیلئے حق پتر جاری کرنے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر کارپوریشن کی اپوزیشن لیڈر یمنا رنگے گوڑا، رکن ایچ سی یوگیش، بی اے رمیش ہیگڑے، مہک شریف، ریکھا رنگناتھ وغیرہ موجود تھے۔