جنیوا: اقوام متحدہ کی سپریم کورٹ آئی سی جے نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے معاملے میں میانمار حکومت کو بڑا جھٹکا دیا۔ آئی سی جے نے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کی ذمہ دار میانمار حکومت کے الزامات پر میانمار کے اعتراضات کو مسترد کر دیا۔عالمی عدالت انصاف یعنی آئی سی جے کے اس فیصلے کے ساتھ ہی گیمبیا کی جانب سے میانمار کے حکمرانوں کے خلاف نسل کشی کے الزامات کی سماعت جاری رہے گی۔ تاہم ایسے معاملات میں فیصلہ آنے میں کئی سال لگ جاتے ہیں اور اس معاملے میں بھی ایسا ہی ہونے کا امکان ہے۔روہنگیا مسلمانوں پر مبینہ ظلم و ستم پر پوری دنیا میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ادھر افریقی ملک گیمبیا نے عالمی عدالت میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ میانمار نسل کشی کے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اس کا استدلال ہے کہ گیمبیا اور میانمار دونوں اس معاہدے کے فریق ہیں اور تمام دستخط کنندگان کا فرض ہے کہ وہ اس کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔دریں اثنا، روہنگیا کے حامی مظاہرین کا ایک چھوٹا گروپ فیصلے سے قبل، بین الاقوامی عدالت انصاف کے صدر دفتر امن محل کے باہر جمع ہوا۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرز بھی تھے جن پر لکھا تھا روہنگیائیوں کو انصاف دلانے کے عمل کو تیز کیا جائے ۔نسل کشی سے بچ جانے والے روہنگیا مسلمان نسلوں تک انتظار نہیں کر سکتے۔ہاں یا نہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ نے اس قتل عام کو 1948 کے معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے مارچ میں کہا تھا کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر پرتشدد جبر نسل کشی کے مترادف ہے۔ میانمار کی نمائندگی کرنے والے وکلاء نے فروری میں دلیل دی تھی کہ اس کیس کو خارج کر دیا جانا چاہیے، کیونکہ عالمی عدالت صرف ملکوں کے درمیان مقدمات کی سماعت کرتی ہے، جب کہ روہنگیا کا مقدمہ گیمبیا نے اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے دائر کیا تھا۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ گیمبیا اس معاملے میں عدالت نہیں جا سکتا کیونکہ اس کا میانمار کے واقعات سے براہ راست کوئی تعلق نہیں ہے اور مقدمہ دائر ہونے سے پہلے دونوں ممالک کے درمیان کوئی قانونی تنازعہ نہیں تھا۔
