ساحلی علاقے میںرونما قتل کی وارداتیں قابل مذمت ہیں:محمد نہال

ڈ سٹرکٹ نیوز

شیموگہ:۔کرناٹک میں جرائم کو روکنے میں ناکام رہنے والے وزیر داخلہ اور قتل پر سیاست کرنے والے وزیر اعلیٰ کا رویہ افسوس ناک ہے۔یہ الزام ضلع کانگریس اقلیتی کمیٹی کے صدر محمد نیہال نے لگایا ہے۔ انہوں نے ساحلی علاقوں میں رونما تشدد کی وارداتیں اورحیوانیت کے کھیل کو لیکر شدیدبرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرامن ساحلی علاقے میں دس دن کے اندرمسعود ،پروین اور فاضل کو موت کے گھاٹ اُتارا گیا ہے۔ایک کے بعددیگر یہ قتل وغارت گری کی وارداتیں محکمہ داخلہ کی مکمل ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ وزیر داخلہ اپنی ناکامی چھپانے کیلئے ادھر ادھر کی باتیں اورجھوٹے الفاظ استعمال کر کے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔یہ نہایت شرمناک ہے کہ کسی کی موت اورقتل پر وزیر اعلیٰ کی بدترین ذہنیت اورنہایت ادنیٰ سیاست کررہے ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ وزیر اعلیٰ نہیں بلکہ آر ایس ایس کے ایجنٹ کی طرح کام کررہے ہیں۔ کرناٹک کو لیکر انکی بدترین ذہنیت ، ذات پات اور مذہب کی تفریق کرنے والے وزیر اعلیٰ، ایک ہی ضلع میں تین قتل،ہونے کے باوجود اکیلے پروین کے گھر جا کر پروین کے اہل خانہ کو 25 لاکھ روپئے معاوضہ دیا ہے اور اسی ضلع میں قتل ہونے والے مسعود اور فاضل کے گھروںکو معاوضہ تو دورکی بات انہیں تسلی دینا بھی مناسب نہیں سمجھا ۔ محمد نہال نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے دوہری ذہنیت اور تعصب رکھنے والے وزیر اعلیٰ کو استعفیٰ دینا چاہئے۔