بنگلورو: بزرگ خاتون کو گرفتار کرنے پر انسپکٹر کیخلاف شکایت

اسٹیٹ نیوز

بنگلورو:۔ جائیداد کے تنازعہ کے سلسلے میں ایک بزرگ خاتون کو گرفتار کرنا بنگلور پولیس کو مہنگا ثابت ہوا۔ بنگلورو کے ہائی گراؤنڈ پولیس اسٹیشن سے منسلک انسپکٹر کے خلاف شکایت درج کی گئی ہے۔ایڈوکیٹ صمد خان نے جمعہ کو یہ شکایت کرناٹک ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور بنگلورو پولیس کمشنر پرتاپ ریڈی کو پیش کی۔صمد خان نے اپنی شکایت میں الزام لگایا کہ عدالت نے جائیداد کے تنازعہ کے معاملے میں حکم امتناعی جاری کر دیا ہے۔ حکم کے باوجود انسپکٹر شیوا سوامی نے شام کو میری الزبتھ کو گرفتار کیا اور پولیس اسٹیشن لے گئے۔ یہ سب ہدایات کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لیڈی پولیس کی غیر موجودگی میں انہیں گرفتار کیا گیا۔ شکایت کنندہ صمد خان نے پولیس انسپکٹر کے خلاف کارروائی شروع کرنے پر زور دیا ہے۔ میری الزبتھ کی پوش کننگھم روڈ پر جائیداد ہے اور اس سے متعلق تنازعہ عدالت میں ہے۔ انسپکٹر عدالت کے حکم امتناعی کے باوجود تنازعہ میں مداخلت کر رہا تھا۔شکایت میں کہا گیا کہ پولیس اس سلسلے میں سپریم کورٹ کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جائیداد کے مسائل میں مداخلت کررہی ہے۔