گنے کی قیمت مقرر کرنے میں تاخیر پر کسانوں کی طرف سے احتجاج کا انتباہ

اسٹیٹ نیوز
بنگلور:۔ریاست کےگنے کے کاشتکاروں کی اسوسی ایشن نے گنے کی قیمت مقرر کرنے میں تاخیر کے خلاف احتجاج کے لیے ریاست گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر کربور شانت کمار نے کہا کہ وزیر اعلی بسواراج بومئی نے کسانوں اور شوگر مل مالکان کے ساتھ چار میٹنگیں کی ہیں، لیکن گزشتہ چار ماہ سے کسانوں کے احتجاج کے باوجود کچھ نہیں ہوا۔شانت کمار نے کہا کہ حکومت کو کم از کم 3500 روپے فی ٹن گنے کی قیمت مقرر کرنی چاہیے۔ حکومت پر گنے کی قیمتوں کا تعین نہ کرکے کسانوں کو دھوکہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے، انہوں نے گنے کے 30 لاکھ کسانوں کی حمایت میں کھڑے نہ ہونے پر ایم ایل اے، ایم پی اور وزراء کو نشانہ بنایا۔انہوں نے سوال کیا کہ جب وزیر داخلہ اور رکن پارلیمنٹ سپاری کے کسانوں کے وفد کو نئی دہلی لے جا سکتے ہیں تو انہوں نے گنے کے کاشتکاروں کو کیوں نظر انداز کیا؟ شانت کمار نے کہا کہ کسان 27 اکتوبر کو سڑک بلاک کریں گے اور 31 اکتوبر کو تمام ڈی سی دفاتر کے سامنے احتجاج کریں گے۔