مفرور تاجر نیرو مودی کو ہندوستان کے حوالے کیا جائیگا

سلائیڈر نیشنل نیوز

لندن : مفرور تاجر نیرو مودی کو ہندوستان کے حوالے کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق نیرو مودی برطانیہ کی عدالت میں اپیل ہار چکے ہیں۔سرکاری بینکوں سے 11 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ لے کر ہندوستان سے فرار ہونے والے گجرات کے ہیروں کے تاجر نیرو مودی کو جلد ہی برطانیہ سے ہندوستان کے حوالے کیا جا سکتا ہے۔ 51 سالہ نیرو مودی نے پنجاب نیشنل بینک کے بڑے فراڈ کیس میں ٹرائل کا سامنا کرنے کے لیے ہندوستان واپس بھیجے جانے کے خلاف اپیل کی تھی۔ نیرو مودی آج لندن ہائی کورٹ میں اپیل ہار گئے۔ لارڈ جسٹس جیریمی سٹورٹ سمتھ اور جسٹس رابرٹ جے، جنہوں نے اس سال کے شروع میں اپیل کی سماعت کی، فیصلہ سنایا، جس میں مفرور تاجر کی ہندوستان حوالگی کی اجازت دی گئی۔ایک خبر رساں ایجنسی کے مطابق، عدالت نے کہا، "… ہم اس بات سے مطمئن نہیں ہیں کہ نیرو مودی کی ذہنی حالت اور خودکشی کا خطرہ اتنا ہے کہ اسے حوالے کرنا ناانصافی یا جابرانہ ہوگا۔” نیرو مودی کو لندن سے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل لانے کا عمل ابھی باقی ہے۔ اس کے چچا، میہول چوکسی، جنہوں نے اینٹیگوا اور باربوڈا کی شہریت لے رکھی ہے، پر پی این بی کو دھوکہ دینے اور ہندوستانی ایجنسیوں کو مطلوب ہونے کا بھی الزام ہے۔