بنگلورو:۔ کوویڈ کے دوران ہونے والی اموات کی صحیح تعداد حکومت نہیں بتارہی ہےبلکہ 5.2لاکھ کے قریب ہوچکی اموات کو حکومت چھپارہی ہے۔ اس بات کا اظہار سابق ریاستی وزیر ایچ کے پاٹل نے کیا ہے۔ انہوں نے کے پی پی سی سی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جنوری سے اب تک ریاست میں 33033 اموات ہونے کی بات ریاستی حکومت کہہ رہی ہے، لیکن اطلاعات کے مطابق جون تک 327985 اموات ہوئی ہیں۔ اسکی اطلاع خود حکومت نے ہی دی ہے۔ کوویڈ سے اگر 33ہزار لوگوں کی موت ہوئی ہے تو بقیہ 3لاکھ لوگوں کی موت کیسے ہوئی یہ حکومت ہی بتائے۔ اس سال 27.3 لاکھ لوگوں کی موت کوویڈ سے ہوئی ہے، لیکن حکومت صحیح اعداد کو چھپارہی ہے۔ حکومت کی جانب سے سال 2019-2020کے بعدشرح اموات کی تفصیلات جاری کرنا ہی چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے مزید الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس وقت ریاست میں 81289بچوں کو کورونا ہوچکا ہے، ان میں سے 45 ہزار بچوں کی تعداد بنگلور سے منسلک ہے اوران میں دو فیصد بچے ہلاک ہوچکے ہیں، مگر حکومت ان اعداد وشمارات کو بھی بتانا نہیں چاہ رہی ہے۔ کیونکہ حکومت نہیں چاہ رہی ہے کہ لوگوں کے سامنے اسکی ناکامیاں ظاہر ہوں۔
