بنگلورو:۔ کرناٹک حکومت کی ایک سینئرافسرکو اس کی رہائش گاہ پر چاقو گھونپ کر ہلاک کر دیا گیاتھا،اس قتل کی واردات کو انجام دینےوالے ملزم کو پولیس نے48 گھنٹوں میں گرفتارکرلیاہے۔خاتون افسر پرتیما کو ہفتے کی رات بنگلورو میں ان کے گھر میں قتل کر دیا گیاتھا وہ کرناٹک حکومت کے محکمہ مائنز اینڈ جیولوجی میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر کام کر رہی تھیں۔ بنگلورو کے سبرامنیا پور میں واقع ان کی رہائش گاہ پر انہیں چاقو سے وار کیا گیاتھا۔ پولیس نے بتایا کہ 45 سالہ خاتون افسر پرتیما کے ڈرائیور نے اسے دفتر کے بعد اپنے گھر پر چھوڑ دیا، اور مبینہ طور پر30.8 بجے کے قریب اسے قتل کر دیا گیاتھا،پرتیما اس گھر میں رہ رہی تھی جہاں اسے قتل کیا گیا۔ واقعہ کے وقت اس کا بیٹا اور شوہر تیرتھہلی میں تھے۔ اتوار کی صبح جب پرتیما کا بھائی ان کے گھر پہنچا تو اس نے اپنی بہن کو مردہ پایا۔ اس نے پہلے رات پرتیما کو بھی فون کیا تھا، لیکن اسے فون کال کا کوئی جواب نہیں ملا۔ اس نے فوری طور پر پولیس کو اپنی بہن کی موت کی اطلاع دی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور حملہ آور کی تلاش کے ساتھ ساتھ تمام سراغ حاصل کئے،اس دوران اس بات کی تصدیق ہوئی کہ پرتیمانے گذشتہ دنوں اپنے ایک ڈرائیورکو کام سے نکال دیاتھا،جس کی وجہ سے وہ ناراض تھا،کام سے نکالے جانے کے بعد ڈرائیور کرن پرتیما کو مسلسل دبائوڈال رہاتھاکہ اسے دوبارہ کام پر لیاجائے۔لیکن پرتیمانے انکارکیاجس کی وجہ سے اس نے پرتیماکاقتل کرنے کا فیصلہ کیااور ہفتہ کی رات کو کرن نے قتل کی واردات انجام دی۔اس معاملے کو لیکر بی جے پی سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی تھی اور کانگریس حکومت پر الزام لگارہی تھی کہ ان کی حکومت میں افسران تک محفوظ نہیں ہیں،لیکن پولیس نے چھان بین کے دائرے کو وسیع کرتے ہوئے اس معاملے کو حل کردیاہے۔پولیس نے ملزم کرن کو عدالت میں پیش کیا اور اسے کسٹڈی میں لینے کیلئے عدالت سے درخواست کی ہے۔
