40سال کانگریس کی خدمت کرنے والے عبدالواجد کو معقول معاوضہ دینے غیر کانگریسیوں کا مطالبہ

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر

شیموگہ :۔ پچھلے 40سالوں سے کانگریس پارٹی آفس میں خدمات انجام دینے والے آفس کلرک مرحوم عبدالواجد کو معقول معاوضہ دینے کا مطالبہ شہر کے غیر کانگریسی مسلم نوجوانوںنے کانگریس پارٹی کے لیڈروں سے کیاہے ۔ اس سلسلے میں آج جنتادل سیکولر کے سابق سکریٹری اور مسلم ہاسٹل کمیٹی کے ڈائریکٹر الہدیٰ محمد غوث کی قیادت میں ایک وفد ضلع کانگریس صدر ہیچ یس سندریش، یم یل سی آر پرسنناکمار ،سابق رکن اسمبلی کے بی پرسنناکمار سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی جس میں انہوں نے بتایا کہ مرحوم عبدالواجد نے ساری زندگی کانگریس پارٹی کے لئے وقف کی ، تمام موقعوں پر وہ پارٹی دفتر میں رہ کر ہرکام و کاج کو بہتر طریقے سے انجام دیتے رہے ،مگر پارٹی نے انکے انتقال کے بعد سوائے ایک تعزیتی جلسے کے اور کچھ نہیں کیاہے۔ اس تعلق سے الہدیٰ محمد غوث نے روزنامہ کو بتایا کہ انکا انتقال ہوئے کئی دن بیت چکے ہیں لیکن انکے لواحقین کو اب تک پارٹی کی جانب سے کسی بھی طرح کی مالی امداد نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی پارٹی کے مسلم لیڈران مرحوم کے لواحقین کو کچھ دلانے کے لئے پیش رفت کی ہے اس وجہ سے ہم نے خود ہی یہ قدم اٹھایاہے اورکانگریس پارٹی سے کوئی ناطہ نہ رکھتے ہوئے بھی کانگریس پارٹی کے اعلیٰ لیڈروں کو میمورنڈم دیاہے ساتھ میں ریاستی صدر اور دیگر ریاستی لیڈروں کو بذریعہ خط اس سمت میں توجہ دلائی ہے۔