بنگلورو:۔ریاست بھر میں پچھلے چوبیس گھنٹوں سے موسلادھار بار ش ہورہی ہے جس کی وجہ سے ریاست کا بیشتر حصہ زیر آب ہوچکاہے،شمالی کینرا، جنوبی کینرا اور ملناڈ اورشمالی کرناٹک میں کئی علاقوں میں زبردست بارش ہورہی ہے،منگلور وسے بنگلورو جانے والے ٹرین منسوخ کردی گئی ہے،جبکہ تالگوپہ سے میسور جانے والی ٹرین کو بھی اگلے احکامات جاری ہونے تک روکاگیاہے۔ریاست کے سات اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیاگیاہے جبکہ9/اضلاع میں آرینج الرٹ نافذکیاگیاہے۔تنگا بھدرا ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں جبکہ شیموگہ ضلع میں تنگا ندی ،شراوتی ندی بھی خطرے کے نشان سے اوپرہیں۔تنگا اپرپرواجیکٹ کے ڈیام میں پانی حد سے زیادہ جمع ہونے کے بعد ندی میں افزود پانی کوبہایاجارہاہے، چوبیس گھنٹوں میں 80 ہزار کیوسیک پانی بہایاگیا ہے ،ندی کنارے بسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کیلئے ہدایت دی گئی ہے۔جبکہ شیموگہ میں بھی کئی مقامات پر مکانات منہدم ہوئے ہیں۔ضلع کے تیرتھ ہلی تعلقہ میں پانی گھروں میں گھس آیا،جس کے بعد راحتی کاموں کیلئے ایچ آر ایس کی ٹیم مسلسل جدوجہد کررہی ہے۔ایچ آرایس کے نوجوان چھوٹی کشتیوں کے ذریعے متاثرہ افراد کو منتقل کرنے کا کام کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ دوسری طرف شیموگہ میں بھی حالات پیچیدہ ہیں،تنگا ندی کا پانی امام باڑے اور ٹیپونگر میں گھسنے لگاہے۔ضلع انتظامیہ کی طرف سے احتیاطی تدابیر اختیارکئے جانے کی بات کہی گئی ہے۔
