بنگلورو:(انقلاب نیوزبیورو):۔ پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے۔ جسے گھروں کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے، زندگیاں گذارنا مشکل ہوچکا ہے۔ ایسے میں حکومت عوام کے مشکلات کو حل کرنے کے بجائے انہیں مزید مشکلات میں ڈال رہی ہے۔ حالات کو قابو میں لانے کیلئے سال رواں کو بھی کوویڈ سال قرار دیتے ہوئے عوام کیلئے مالی یا سہولیات کے پیکیج منظور کئے جائیں ۔ اس بات کا اظہار سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نےکیا ہے۔ انہوں نے آج اس سلسلے میں ودھان سبھا میں حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب اورکوویڈ کی وجہ سے لوگوں کی پریشانیاں زیادہ ہوچکی ہیں ، لوگ مہنگائی سے پریشان ہیں، روز مرہ کی اشیاءکی قیمتیں آسمان چھونے لگی ہیں۔ مرکزی اورریاستی حکومتیں قیمتوں پر قابو پانے کے بجائے لوگوں پر ہی دبائو ڈال رہے ہیں۔ ریاست میں بی پی ایل زمرے میں آنے والے 55 لاکھ خاندانوں کو فی خاندانوں کو 25 ہزار روپئےکا معاوضہ دیا جائے۔ ریاست کیلئے آمدنی کے ذرائع ضروری ہیں یہ یقینی بات ہے ساتھ ہی ریاست کی عوام کی بقاء بھی اہمیت رکھتی ہے۔ اسکے لئے عوام سے بے قاعدگی کے ساتھ ٹیکس وصول نہ کیا جائے۔ کمارسوامی نے مزید کہا کہ اشیاء کی قیمتوں میں کٹوتی کے معنی یہ نہیں کہ من چاہے طریقے سے قیمتوں میں کمی لائی جائے۔ بلکہ قیمتوں میں تکنیکی نکات کو دیکھتے ہوئے کمی لائی جائے۔ کمار سوامی نے کہا کہ میڈیا کے سروے کے مطابق عام شخص اوسطاً 1 لاکھ روپئے کا ٹیکس ادا کررہا ہے۔ اتنے بڑے پیمانے پر ٹیکس ادا کرنے کے باوجود نہ حکومت سے اسے خاص سہولت مل رہی ہے نہ ہی حکومت لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے تیار ہے۔
