بنگلورو:۔ایم ایل سی انتخابات میں بنگلورو اسمبلی حلقے کیلئے مقامی بلدیاتی نمائندوں کو ووٹنگ کاحق دینے کیلئے کرناٹکا ہائی کورٹ نے احکامات جاری کئے ہیں۔15 مقامی بلدیاتی نمائندے جن کو ریاستی حکومت نے نامزدکیا تھا ، انہیں ووٹنگ کا حق نہ دینے کیلئے کرناٹکا ہائی کورٹ میں یوسف شریف عرف کے جی ایف بابونے کرناٹکا ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائرکی تھی۔اس معاملے کی سنوائی جستس ناگا پرسنناکی بینچ نے کرتے ہوئے کہاکہ نامزد نمائندوں کے ووٹوں کو علیحدہ لفافے میں بند رکھاجائے،کورٹ کی اجازت ہونے تک ان ووٹوں کو عام نہ کیاجائے۔ان 15 ووٹروں کیلئے علیحدہ ووٹنگ کاانتظام کیاجائے ۔کانگریس امیدوار یوسف شریف نے عرضی دائرکرتے ہوئے کہاتھاکہ ان 15 ووٹروں کی نامزدگی ریاستی حکومت سے جڑی ہے،اس لئے نامزد ہونے والے ووٹروں کوووٹ دینے کا حق نہ دیاجائے۔واضح ہوکہ ریاست کے25ایم ایل سی حلقوں میں10 دسمبر کوووٹنگ ہونے والی ہے۔
