ریاض:۔مختلف ذرائعوں اور ایجنسیوں کی اطلاعات کے مطابق سعودی حکومت کے وزارت اسلامی امور کے سربراہ ڈاکٹر عبدالطیف آل شیخ نے تمام مساجد کے خطیبوں کو ہدایت دی ہے کہ کل جمعہ سے اپنے خطبوں میں تبلیغی جماعت اور ان کے دعوتی گروپوں سے دوررہنے کیلئے عوام میں بیداری لائیں ۔ٹویٹر اکائونٹ پر بھی ا س تعلق سے وزارت کی جانب سے پیغام جاری کیاگیاہے۔وزیر اسلامی امور عبدالطیف کے مطابق تبلیغی جماعت کی گمراہی کے نتیجے میں دہشت گردی کی راہیں ہموارہورہی ہیں، خطبات میں تبلیغی جماعت کی کوتاہیوں کو اجاگرکیاجائے اور تبلیغی جماعت اختلافی گروپ ہونے کی وجہ سے مملکت سعودی عربیہ میں پابندی رہے گی ۔ واضح ہوکہ سعودی عرب کی جانب سے اس طرح کی ہدایت دئیےجانے کے بعد دنیا بھرکےمذہبی حلقوں میں بے چینی دیکھی جارہی ہے۔وہیں دوسری جانب تبلیغی جماعت کوبدنام کرنے اور تبلیغی جماعت پر مسلسل تنقید کرنے والوں کیلئے سعودی حکومت کا یہ حوالہ ایک ہتھیار ثابت ہورہا ہے ۔ پہلے ہی تبلیغی جماعت کو ہندوستان میں تعصب کی نگاہ سے دیکھاجارہاہے،ایسے میں یہاں کی حکومت کیلئے یہ کافی ہوگیاہے کہ جب سعودی حکومت ہی تبلیغی جماعت پر پابندی لگارہی ہے توبھارت میں بھی اسی کو بنیاد بنایاجائیگا۔
