شیموگہ:۔لاک ڈائون اور کوروناکے طویل وقفے کے بعد سعودی حکومت نے عمرہ کیلئےبھارت کے عازمین کو اجازت دے دی ہے،جس کے مطابق25 ڈسمبر سے عمرہ کے عازمین کی روانگی شروع ہوجائینگی۔لیکن اس بار عمرہ عازمین کیلئے مہنگاپڑرہاہے سب سے کم قیمت کا عمرہ 1لاکھ5ہزار اور سب سے زیادہ قیمت کا عمرہ1لاکھ60 ہزارروپئے ہے۔دراصل قیمتوں میں اضافہ کالابازاری نہیں بلکہ کورونا کی وجہ سے نافذ کئے گئے سخت قوانین ہیں۔حرمین شریفین میں قیام کیلئے پہلے ایک کمرے میں چارتا پانچ افراد قیام کرتے تھے،اب محض دو افراد کو ہی گنجائش دی گئی ہے،اس کے علاوہ سعودی عرب پہنچتے ہی تمام عازمین کا آر پی سی آر ٹیسٹ ہوگا،روانگی سے قبل بھی عازمین کو دومرتبہ آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کرواناہوگا اور دونوں ویکسین لگوائے رہنا لازمی ہوگا۔15 دنوں کیلئےعمرہ پیاکیج ہے۔اس سلسلے میں یوناٹئیڈ ٹورس کے مالک اورکرناٹکا حج کمیٹی کے رکن سیدوحید اڈو نے بتایاکہ عمرہ کیلئے پروازوں کاآغاز25 ڈسمبر سے شروع ہوجائیگا،کرناٹک میں مختلف علاقوں سے لوگ عمرہ کیلئے جارہے ہیں،اب کوارنٹائن کی کوئی بندش نہیں ہے،البتہ سعودی حکومت نے کورونا قوانین پر عمل پیراں ہونے کیلئے سختی ضرور اختیارکی ہے۔اُمیدہے کہ سعودی مملکت ا س سلسلے کو اب بند نہیں کریگی۔واضح ہوکہ کورونا سے پہلے عمرہ کاسفر نہایت سستاتھا،40 ہزار سے لیکر ایک لاکھ روپئے تک کہ پیاکیجس دستیاب تھے جو عام عازمین کیلئے سہولت مانی جاتی تھی مگر کوروناکے بعد حالات بدل چکے ہیں،اب ٹورآپریٹرس نہ چاہتے ہوئے بھی قیمتوں میں اضافہ کررہے ہیں اور جو لوگ اللہ کے گھر کی زیارت کی طلب رکھ رہے ہیں وہ ہرحال میں عمرہ جانے کیلئے زادِ راہ تیارکررہے ہیں۔
