راجیہ سبھا میں مختلف پارٹیوں کے ارکان نے عدالتوں میں مقدمات کی بہتات پر گہری تشویش کا اظہار کیا

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔ ملک کی عدالتوں بالخصوص نچلی عدالتوں میں لاکھوں مقدمات کے ڈھیر ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے راجیہ سبھا میں مختلف جماعتوں کے ارکان نے پیر کو حکومت سے کہا کہ وہ ان کے جلد نمٹانے کیلئے مناسب اقدامات کرے تاکہ لوگوں کو بروقت انصاف مل سکے۔ اراکین نے ججوں کی خالی آسامیوں کو فوری طور پر پر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔کانگریس کے امی یاگنک نے ایوان بالا میں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے ججوں (تنخواہوں اور سروس کی شرائط) ترمیمی بل 2021 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں لاکھوں مقدمات خاص طور پر نچلی عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔ملک کی جیلوں میں ہزاروں افراد زیر سماعت ہیں کیونکہ ان کے مقدمات طویل عرصے سے عدالت میں زیر سماعت ہیں۔انہوں نے ایوان کی توجہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کے اس نکتے کی طرف مبذول کرائی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انصاف ہی واحد سچائی ہے اور ہر شخص کو انصاف حاصل کرنے کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے کہ وہ عدالتوں میں معاملات کی بہتات کے بارے میں کیا سوچتی ہے۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ وہ عدلیہ میں مختلف سطحوں پر ججوں کی کمی پر قابو پانے کے لیے کیا کر رہی ہے۔کانگریس رکن نے کہا کہ جس ایوان میں عدلیہ اور انصاف کی بات ہو رہی ہے، وہاں ہمارے 12 معطل ارکان دھرنا دے رہے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ پورے سرمائی اجلاس کے لیے معطل ہونے کے بعد اپوزیشن کے 12 ارکان پارلیمنٹ کے احاطے میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے دھرنا دے رہے ہیں۔ ان کا دھرنا ایوان کے شروع ہونے سے لے کر ایوان کے اجلاس کے ملتوی ہونے تک ہر روز جاری رہتا ہے۔