دہلی:۔ہندوستان میں کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کی رفتار تیز ہوتی نظر آرہی ہے۔ گزشتہ ایک دن میں اومیکرون کے کیسز میں تقریباً 20 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ پیر تک جہاں ملک میں 40 کیسز تھے وہیں منگل کو ان کی تعداد بڑھ کر 49 ہو گئی۔ منگل کو دہلی اور راجستھان دونوں ریاستوں میں 4-4 نئے کیس درج ہوئے ہیں۔ دہلی میں اب تک اومیکرون کے کل 6 معاملے سامنے آئے ہیں، جن میں سے ایک مریض ٹھیک بھی ہوا ہے، جسے اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ باقی پانچ مریضوں کی حالت بھی نارمل بتائی جاتی ہے۔راجستھان کے وزیر صحت پرسادی لال مینا کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ چار مزید کیسز سامنے آئے ہیں، ان مریضوں کی صحت مستحکم ہے۔دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے بتایا کہ اب تک کل 74 لوگ جو بیرون ملک سے آئے تھے انہیں ایل این جے پی میں داخل کیا گیا ہے۔ ان میں سے 36 کو ڈسچارج کر دیا گیا ہے، 38 مریض اب داخل علاج ہیں۔ ان میں سے 35 کورونا مریض ہیں جن میں سے 5 اومیکرون پازیٹیو اور 3 مشتبہ ہیں۔ اب تک ایل این جے پی میں کل 6 مریضوں کی رپورٹ مثبت آئی ہے، جن میں سے 1 مریض صحت یاب ہوچکا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل گجرات کا ایک 42 سالہ شخص اومیکرون ویرینٹ سے متاثر پایا گیا تھا۔ یہ شخص حال ہی میں جنوبی افریقہ سے واپس آیا تھا۔ فی الحال انہیں ہوم آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
