بنگلورو: کرناٹک میں کانگریس نے عوام سے رابطہ بڑھانے اورعوام سے شکایات حاصل کرنے اوران کا ازالہ کروانے کی جدوجہد کرنے کیلئے ایک مخصوص شعبہ قائم کردیا ہے۔ کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ڈی کے شیوکمار نے اس شعبہ رابطہ عامہ وعوامی شکایات کی قیادت کی ذمہ داری سینئرکانگریس لیڈر اورکے پی سی سی ترجمان آغا سلطان کو اس شعبہ کا چیرمین مقرر کیا ہے۔ آغا سلطان نے جو کانگریس کے ترجمان اورشیموگہ ضلع کے انچارج بھی رہ چکے ہیں۔بتایا کہ کانگریس پارٹی نے عوامی رابطے کو بڑھاوادینے اورساتھ ہی عوام کو روزمرہ امور میں جس طرح کی پریشانی اورشکایات کا سامنا کرناپڑتا ہے ان کی نشاندہی کا ازالہ کیلئے کےپی سی سی صدر ڈی کے شیوکمار نے اس نئے شعبہ کا قیام کیا ہے اوراس کیلئے انہوں نے ان کی صلاحیت پر اعتماد کرتےہوئے چیرمین کی ذمہ داری دی ہے۔ آغا سلطان ماہر تعلیمات ہیں اوربنگلورو یونیورسٹی کے سابق سنڈکیٹ ممبراوروشویشوریا ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی کے سابق سنیٹ ممبر بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیوکمار نے عوام سے تال میل بنانے کیلئے ان کی صلاحیتوں کو کانگریس پارٹی کیلئے بروئے کار لانے کا موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی سی سی شعبہ پی آروعوامی شکایت میں وہ چیرمین رہیںگے اوراس میں ان کے ساتھ وی شنکر، کنوینر، این ایس رتناپربھا، ایس چندراشیکھر، وجئے متی کتی، سوپنا پریش ان کے ساتھ رہیںگے۔ آغا سلطان نے بتایا کہ شیوکمار نے ہدایت دی ہے کہ یہ شعبہ عوامی شکایات کو تحریری شکل میں حاصل کرےگا۔ان کے ازالہ کیلئے رہنمائی کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو نمٹانے کیلئے مناسب رہنمائی کرےگی۔ اس کے علاوہ عوام کو اگر سخت مشکل درپیش ہے تو شعبہ اپنے طور پر اس کو لے کر اس کے متعلق تفصیلات سے کے پی سی سی صدر کو آگاہ کروائےگا تاکہ اس ضمن میں حکومت کو متوجہ کروایا جاسکے اور ان شکایتوں کے ازالہ کیلئے مناسب کارروائی کی جاسکے ۔
