دہلی:۔کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نےکہا کہ ہندوتواوادیوں نے ہمیشہ نفرت اور تشدد پھیلایا ہے، جس کی قیمت ہر برادری کو ادا کرنی پڑتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان ہر طرح کے تشدد کیخلاف ہے اور ایسا مزید نہیں ہونا چاہئے۔ کانگریس کے سابق صدر نے یہ باتیں ہریدوار میں منعقد دھرم سنسد کے بارے میں کہی ہیں، جہاں کئی سنتوں اور ہندوتوا لیڈروں نے مسلمانوں کے خلاف اشتعال اور نفرت انگیز تقریریں کی تھیں ،جس میں مرنے ،مارنے اور نام نہاد ہندواراشٹر کے قیام کیلئے مسلمانوں کو تہہ تیغ کیے جانے کی باتیں کہی گئی تھیں۔اس دھرم سنسد کا انعقاد ہریدوار میں 17 سے 20 دسمبر تک کیا گیا تھا۔ کانفرنس کا اہتمام جونا اکھاڑہ کے سنت یتی نرسمہانند گری نے کیا تھا۔خیال رہے کہ وہ مسلمانوںکیخلاف نفرت انگیز بیانات کی وجہ سے پہلے ہی پولیس کے رڈار پر ہے۔خیال رہے کہ اس نفرت انگیز بیانات کے تناظر میں دین اسلام سے مرتد ہونے والے وسیم رضوی کیخلاف کیس درج کیا گیا ہے ۔ راہل گاندھی نے ٹویٹ کرتے ہوے کہا کہ ہندوتوا وادی (ہندو شدت پسند) مذہب ہمیشہ نفرت، تشدد پھیلاتے ہیں ، جس کی قیمت ہندو-مسلم-سکھ-عیسائی قیمت ادا کریں،لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔اس نے ٹویٹ کے ساتھ راہل گاندھی نے ہیش ٹیگز #IndiaAgainstHindutva بھی استعمال کیا۔کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی نفرت اور تشدد پھیلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پرینکا نے ٹوئٹر پر کہا کہ اس طرح کی نفرت اور تشدد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے، یہ عمل نہایت ہی قابل مذمت ہے کہ وہ ہمارے قابل احترام سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو قتل کرنے اور اقلیت بالخصوص مسلمانوں کیخلاف تشدد کرنے کی کھلی دعوت دے کر چلے جاتے ہیں۔
