ون نیشن، ون راشن کارڈ‘ اسکیم 31 جولائی تک نافذ کی جائے : سپریم کورٹ

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔ سپریم کورٹ نے مہاجر مزدوروں کے بارے میں ایک بڑا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام صوبے جولائی 2021 تک ’ایک نیشن ،ایک راشن کارڈ اسکیم کو نافذ کریں۔ اس کے ساتھ ہی مرکز کو ریاستوں کو اضافی غذائی اجزاء مختص کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ تمام ریاستیں مہاجر مزدوروں کو راشن کی تقسیم کے لئے اسکیم لائیں۔ ریاستوں کو وبائی مرض کے خاتمے تک مہاجر مزدوروں کے لئے کمیونٹی کچن چلانا چاہیے ۔ حکم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت اور ریاستی حکومتوں کو غیر منظم شعبوں میں شامل تمام مہاجر مزدوروں کی رجسٹریشن 31 جولائی 2021 تک مکمل کرنی چاہئے۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ریاستیں ؍یونین اور مزدوروںکے رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔ عدالت عظمی نے مہاجر مزدوروں کے بارے میں مرکز پر سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت محنت و روزگار کی طرف سے غیر منظم مزدور وں کا ڈیٹا تیار کرنے میں تاخیر کے لئے کی گئی لاپرواہ رویہ معاف نہیں کیا جاسکتا۔ غیر منظم مزدور وںاور مہاجر کے بارے میں پورٹل میں مرکزکی تاخیر سے پتہ چلتا ہے کہ وہ مہاجرمزدوروں کے بارے میں فکر مند نہیں ہے۔ اسے سختی سے مسترد کیا جاتا ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں بھی یہ لکھا ہے۔در اصل سپریم کورٹ نے کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے مہاجر مزدوروں کو درپیش مشکلات کا از خود نوٹس لیتے ہوئے سماعت شروع کردی ہے۔ 24 مئی کو سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کی تئیں برہمی کا اظہار کیا تھا۔ عدالت نے کورونا وبا کے دوران ملک بھر میں مہاجرمزدوروں کے رجسٹریشن کے سست عمل پر برہمی کا اظہار کیا تھا اور ساتھ ہی لیبر رجسٹریشن اسکیم کی صورتحال کے بارے میں مرکزی حکومت سے جواب طلب کیا تھا۔