کیپٹن امریندر سنگھ نے پنجاب میں سیٹوں کی تقسیم کو حتمی شکل دینے کے لیے امیت شاہ سے کی ملاقات 

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔ پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے پیر کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی صدر جے پی نڈاسے ملاقات کی۔تاکہ ان کی پارٹی پارٹی پنجاب لوک کانگریس اور بی جے پی کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے معاہدے کو حتمی شکل دے سکیں۔ چند ہفتے قبل کیپٹن امریندر سنگھ نے پنجاب میں اگلے سال کے اوائل میں ہونے والے 2022 اسمبلی انتخابات کے لیے دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد کا اعلان کیا تھا۔ بی جے پی کے پنجاب انچارج اور مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت اور اکالی دل کے سابق ایم ایل اے سکھ دیو سنگھ ڈھنڈسا نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔ذرائع کے مطابق بی جے پی اس اتحاد میں ’بڑے بھائی‘ کے کردار میں رہنا چاہتی ہے، اور ریاستی اسمبلی کی 117 میں سے 70 سیٹیں اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے۔ کیپٹن کی پارٹی کو تقریباً 30-35 سیٹیں اور ڈھنڈسا کی پارٹی کو 10-15 سیٹیں مل سکتی ہیں۔پنجاب میں اتحاد کی انتخابی مہم کا آغاز وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے جنوری کے پہلے ہفتے میں ایک ریلی سے ہونے کا امکان ہے۔کیپٹن امریندر سنگھ جنہوں نے پنجاب کانگریس میں تنازعہ کے بعد وزارت اعلیٰ اور پارٹی چھوڑ دی، اس ماہ کے شروع میں اتحاد کی تصدیق کی تھی، یہ کہتے ہوئے کہ صرف سیٹوں کی تقسیم کو حتمی شکل دینا باقی ہے۔ گجیندر سنگھ شیخاوت سے ملاقات کے بعد کپتان نے میڈیا سے کہا تھا کہ ہم دیکھیں گے کہ کون کہاں سے لڑے گا، سیٹوں کا انتخاب صرف جیتنے کے امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔79 سالہ سابق چیف منسٹر نے یہ بھی اعتماد ظاہر کیا تھا کہ اتحاد آئندہ اسمبلی انتخابات میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا تھاکہ اتحاد 101 فیصد انتخابات جیتنے والا ہے،میں یہ تحریری طور پر دے سکتا ہوںدوسری جانب مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے ایک الگ پوسٹ میں لکھا کہ اتحاد کی تشکیل کے لیے سات دور کی بات چیت ہوئی۔