افسوسناک حادثہ: ناسک میں آکسیجن لیک ہونے سے سپلائی بند ، 22 افراد فوت

سلائیڈر نیشنل نیوز

ممبئی ؍ناسک:۔ملک میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے آکسیجن بحران کے درمیان بری طرح کرونا سے متاثرہ ریاست مہاراشٹرا سے ایک انتہائی تکلیف دہ خبر موصول ہوئی ہے ۔ مہاراشٹر کے ناسک میں ڈاکٹر ذاکر حسین اسپتال کے باہر آکسیجن ٹینکر سے لیک ہونے کی وجہ سے 22 افراد کی موت ہوگئی۔لیک ہونے کی وجہ سے اسپتال میں آکسیجن کی فراہمی 30 منٹ کے لئے معطل رہی۔ جس کے نتیجے میں وینٹی لیٹروں پررکھے گئے 22 مریضوں کی المناک موت ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق کئی لوگوں کی حالت اب بھی سنگین ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہا کہ آکسیجن کی فراہمی میں ممکنہ رکاوٹ کی وجہ سے مریضوں کی المناک موت ہوئی ہے ۔ضلع کلکٹر کے مطابق اس حادثہ میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہوگئی ہے۔ واضح ہو کہ پہلے مذکورہ حادثہ میں 11 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ لیکن فوت شدہ لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کی خبر ہے ۔واضح ہو کہ اسپتال میں لگ بھگ171 مریضوں کو آکسیجن دی جارہی ہے، فائر بریگیڈ موقع پرپہنچ چکی ہے اور امدادی کام جاری ہے۔ مہاراشٹرا کے ایک اور وزیر اکٹر راجندر شینگنے نے اس حادثہ کے متعلق کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی ہے ،ابتدائی اطلاع کے مطابق ہمیں 11 افراد کے موت ہونے کی خبر ملی ہے ، ہم تفصیلی رپورٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم نے انکوائری کا حکم بھی دیا ہے، جو بھی اس حادثے کا ذمہ دار ہوگا ،اسے بخشا نہیں جائے گا۔ مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہا کہ ٹینکر کے ’والوز‘ میں خرابی کی وجہ سے آکسیجن میں اس طرح کا تباہ کن لیک ہوگیا۔ یہ یقینی ہے کہ اس کا اثر اسپتال پر پڑے گا،لیکن ہمیں اس سلسلے میں مزید معلومات حاصل کرناہے ۔ناسک کے ڈویژنل کمشنر رادھا کرشن گامے نے کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ صبح دس بجے اس وقت پیش آیا جب آکسیجن ٹینک میں خرابی پیش آئی ۔ اسپتال انتظامیہ نے کچھ مریضوں کو منتقل کیا ،لیکن پھر بھی آکسیجن کے کم پریشر کی وجہ سے 22 مریض دم توڑ گئے۔واقعے کے بعد مریض کے لواحقین وارڈ میں گھس کر ہنگامہ آرائی کرنے لگے ۔خیال رہے کہ مہاراشٹرا کو ملک میں کورونا کے باعث تباہ کن اثرات کا سامنا ہے۔ ہر روز کورونا وائرس کے 50 ہزار سے زیادہ نئے انفیکشن پائے جارہے ہیں ، لہٰذا سیکڑوں افراد کی زندگیاں بھی ضائع ہو رہی ہیں۔