دہلی:۔ بلندشہر تشدد کیس میں سپریم کورٹ نے اہم ملزم یوگیش راج کی ضمانت پروک لگادی ہے۔سپریم کورٹ نے پیر کو الہ آباد ہائی کورٹ کے ضمانت دینے کے حکم پر روک لگا دی۔ سپریم کورٹ نے یوگیش کو 7 دن کے اندر خودسپردگی کرنے کو کہا ہے۔ اس ماب لنچنگ کیس میں پولس انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ مارے گئے تھے۔ سپریم کورٹ نے سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ گئوہتیا کی وجہ سے لنچنگ کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔سپریم کورٹ نے کہا کہ یہ معاملہ بہت سنگین ہے جہاں گئوہتیا کے بہانے ایک پولس افسر کو پیٹ پیٹ کر مار دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ہم ان چیزوں کو جاری رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتے، ہمیں اس کے بارے میں بہت یقین ہے۔ بنچ نے گئورکشا یا گئوہتاکو روکنے کے نام پر ہجومی تشدد کی اپنی ناپسندیدگی کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہجومی تشدد کی اجازت نہیں دے سکتے۔سپریم کورٹ نے کہا کہ دونوں فریقین کے وکلاء کے دلائل سے واضح ہے کہ ابھی تک الزامات طے نہیں ہوئے ہیں اور معاملہ سنگین ہے۔ گئوہتیاکرنے کے بہانے ایک پولس افسر کو مارا پیٹا گیا۔ پہلی نظر میں یہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کا معاملہ لگتا ہے۔ اس معاملے میں ہائی کورٹ کی طرف سے دی گئی ضمانت پر روک لگا دی گئی ہے اور یہ ہدایت دی گئی ہے کہ ملزم یوگیش خودسپردگی کرے اور اس کے لیے سات دن کا وقت دیا گیا ہے۔
