رانچی:۔ جھارکھنڈ کے پاکوڑ میں بدھ کی صبح بس اور ٹینکر کے درمیان تصادم میں پانچ افراد کی موت ہو گئی، جبکہ اس واقعے میں 15 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر امڈاپارہ میں داخل کرایا گیا ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔یہ واقعہ امڈاپارہ تھانہ علاقہ کے سالپترا گاؤں کے قریب پیش آیا۔ پولیس جائے حادثہ پر پہنچی ہے۔ پولیس انسپکٹر کم اسٹیشن انچارج منوج کمار نے پانچ لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔موصولہ اطلاع کے مطابق برہاروا سے پاگل بابا کی بس دمکا کی طرف جارہی تھی۔ سالپترا کے قریب ٹینکر نے بس کو ٹکر مار دی۔ واقعے کی بڑی وجہ گھنی دھند بتائی جاتی ہے۔
