دہلی:۔ کورونا کی موجودہ لہر کے درمیان عدالت عظمیٰ نے عدالتی مقدمات کی اپیلیں دائر کرنے میں فریقین کو بڑی راحت دی۔ سپریم کورٹ نے اپیل، درخواست اور سوٹ دائر کرنے کی تاریخ میں توسیع کردی۔ سپریم کورٹ نے 28 فروری 2022 تک ملک بھر میں تمام عمومی اور خصوصی قوانین کے تحت مقدمات درج کرنے کی حد میں نرمی کر دی۔ چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا، جسٹس ایل ناگیشورا راؤ اور جسٹس سوریہ کانت کی بنچ نے اس سلسلے میں اپنا 23 مارچ 2020 کا حکم بحال کردیاعدالت نے کہا کہ 15 مارچ 2020 سے 28 فروری 2022 تک کی مدت کسی بھی عام یا خصوصی قوانین کے تحت تمام عدالتی یا نیم عدالتی کارروائیوں کے سلسلے میں مقررہ وقت سے زیادہ ہوگی۔دراصل سپریم کورٹ نے کورونا کی وبا میں نافذ پروٹوکول اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے درخواست گزاروں کوان کے مقدمات میں اپیلیں دائر کرنے کے لیے مارچ 2020 اور اپریل 2021 میں توسیع کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس کے بعد گزشتہ سال ستمبر میں کورونا کی وبا میں ریلیف ملنے اور سب کچھ منظم طریقے سے کھولنے کے بعد عدالتوں میں مقدمات دائر کرنے کی مدت میں نرمی کو 2 اکتوبر کو ختم کرنے کا حکم دیا گیا تھا کیونکہ اس وقت کورونا کیسز کافی کمی آئی تھی اور حالات معمول پر آ رہے تھے۔ اس معاملے میں سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ ایسوسی ایشن (SCAORA) کی طرف سے دائر درخواست میں سپریم کورٹ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 23 مارچ 2020 اور 27 اپریل 2021 کو مقدمات کو چیلنج کرنے کی آخری تاریخ پردئیے گئے اپنے فیصلے کو دوبارہ نافذ کرے ۔
