شیموگہ:۔ کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر گرام پنچایت سطح پر ایک ٹاسک فورس تشکیل دی جائےگی۔ اس بات کا اظہار وزیر برائے دیہی ترقیات وپنچایت راج کے ایس ایشورپا نے کیا ہے۔ انہوں نے آج نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں روزانہ کورونا وائرس کے انفیکشن کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس پر قابو پانا ریاستی حکومت کیلئے بھی ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ اس پس منظر میں ریاست کے تقریباً 6 ہزارگرام پنچایتوں میں پنچایت صدر کی صدارت میں ٹاسک فورس بنائی جائے گی۔یہ ٹاسک فورس گرام پنچایتوں اور دیگر سرکاری افسران پر مشتمل ہوگی جس کا کام دیہی سطح پر کوویڈ کی صورتحال کیسی ہے؟ کس کواسپتال میں داخلے کی ضرورت ہے؟ کن مریضوں کو ہوم کوارنٹائن میں رکھنا ہےاسکے بارے میں ہیلتھ آفیسر کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کمیٹی کی تشکیل دیتے ہوئے ضروری اقدامات اٹھانے کی معلومات دی گئی۔ مزید انہوں نے کہا کہ ضلع کے چند اسکول اوردفتروں میں کوویڈ کے معاملے ظاہر ہونے کے پیش نظر طلباء کےوالدین پریشان ہیں ، اسکولوں کو بندکرنے یالاک ڈائون کرنے کے کوئی آثار ہیں اس سوال کاجواب دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ پہلے ہی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مناسب اقدامات اٹھانے کیلئے ڈپٹی کمشنر کو مکمل اختیارات دئے گئے ہیں۔ضلع میں 60بچوں کو کورونا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے یہ سمجھتے ہوئے تمام اسکولوں کو بندکرنا درست نہیں رہےگا۔ اس تعلق سے محکمہ صحت کے افسران کی رہنمائی لی جائےگی اور حالات کے تحت ضلع انتظامیہ مناسب اقدامات کریگی۔ وزیر موصوف نے واضح کیا کہ فی الحال لاک ڈائون نافذ کرنے کی صورتحال نہیں ہے، کورونا کے معاملات میں اضافہ ہوگا تو لاک ڈائون جاری کرنے کے بارے میں غوروفکر کیا جائےگا۔
