شیموگہ:۔ کورونا اوراومیکران جیسے وبائی امراض پر قابو پانے کیلئے کرناٹکا حکومت نے پہلے ہی وویک اینڈ لاک ڈائون کا اعلان کررکھا ہے۔ اس لاک ڈائون کے دوران اس بات کی بھی ہدایت دی گئی ہے کہ لوگ سماجی فاصلوں کا اہتمام کریں اور مساجد میں 50 -50کی شرح میں نمازوں کی ادائیگی کیلئے احکامات دئے گئے ہیں۔ لیکن پہلے ہی جمعہ میں اس قانون پر کسی بھی طرح کا عمل نہیں کیا گیا ہے ،چونکہ ریاست میں اومیکران اورکورونا کے معاملات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اسکی وجہ سے قانون میں بھی سختی برتی جارہی ہے۔ کل یعنی جمعہ کے دن محکمہ صحت عامہ ،محکمہ پولیس اور کارپوریشن اور میونسپل کے اہلکار مسجدوں کا رخ کرتے ہوئے ماسک ، سوشیل ڈسٹینس ، مسجدوں میں لئے گئے احتیاطی تدابیر کا معائنہ کرسکتے ہیں۔ اگر معائنہ کے دوران لاپرواہیوں کو درج کیا جاتا ہے تو آنے والے دنوں میں مسجدوں میں نماز کی ادائیگی نہ کرنے کے تعلق سے اقدامات اٹھائے جانے کے امکانات ہیں۔ اس لئے جانکاروں نے بآور کیا ہے کہ مسلمان ان قوانین پر عمل نہ کرتے ہوئے حکومتی اداروں کو قانونی کارروائی کرنے کاموقع نہ دیں ۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو اگلے رمضان کیلئے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
